ایمرجنسی ہیلتھ کئیر سروسز کے معیار کی بہتری کیلئے نئی گائیڈ لائنز جاری

February 09, 2023

لاہور (جنرل رپورٹر) پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے ایمرجنسی ہیلتھ کیئر سروسز کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے سرکاری اور نجی ہسپتالوں کونئی گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں۔ان رہنما خطوط سے واقفیت اور مکمل عملدرآمد کی حکمت عملی کے لیے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز میں سیمینار ہوا، اجلاس میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ لاہور جنرل ہسپتال ڈاکٹر خالد بن اسلم ودیگرہیلتھ منیجرز سمیت صوبہ بھر کے سرکاری و نجی ہسپتالوں کے ایڈمنسٹریٹرز نے ویڈیولنک کے ذریعہ بڑی تعدادمیں شرکت کی۔ڈاکٹر ثاقب عزیز نے کہا کہ فراہمیِ صحت کے معیارات ہسپتالوں کے دائرہ کار کے مطابق ہنگامی دیکھ بھال کی فراہمی کے لیے ضروری انتظامات کرنے کا تقاضا کرتے ہیں۔سیکرٹری صحت ڈاکٹراحمد جاوید قاضی نے طبی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی اہمیت پر زور دیا۔ پی ایچ سی کے ڈائریکٹرزڈاکٹر مشتاق احمد سلہریااور ڈاکٹر محمد انور جنجوعہ نے گائیڈ لائنز کی نمایاں خصوصیات اور خدوخال کے بارے میں بریفنگ دی ۔