شادی کی 10 ویں سالگرہ، جگن کاظم بگی گھر پر لے آئیں

June 28, 2023

تصویر بشکریہ انسٹا گرام

پاکستانی شوبر انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی اداکارہ اور میزبان جگن کاظم نے روایت قائم رکھتے ہوئے شادی کی 10 ویں سالگرہ پر منفرد انداز میں اپنے شوہر کو مبارک باد پیش کی، جس کی ویڈیو ان کے مداحوں کو خوب پسند آ رہی ہے۔

تصاویر اور ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر گزشتہ روز شادی کی سالگرہ کے موقع پر جگن کاظم نے ایک دلچسپ ویڈیو شیئر کی جس میں وہ اپنے شوہر فیصل نقوی کو شادی کی 10 ویں سالگرہ کی مبارک باد ایک نت نئے انداز میں دیتی ہوئی نظر آئیں۔

شادی کی سالگرہ منانے کے لیے جگن بگی کے ساتھ وائیلن بجانے والوں کو گھر لے آئیں، جنہوں نے بالی ووڈ کے کنگ خان کی مشہور فلم ’محبتیں‘ کا مقبول گانا ’زندہ رہتی ہیں محبتیں‘ وائیلن کی دھن پر پیش کیا، جبکہ اداکارہ نے اپنے شوہر کو گلاب کے پھولوں کا ہار پہنا کر مبارک باد دی اور بگی کی سواری پر لے گئیں۔


یاد رہے کہ گزشتہ برس جگن کاظم نے اپنے شوہر کو ڈھول کی تھاپ پر شادی کی سالگرہ کی مبارک باد پیش کی تھی۔

اس ویڈیو کے کیپشن میں جگن کاظم نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ شادی کی سالگرہ مبارک ہو، میرے سب سے اچھے دوست، ساتھی، محافظ، میرے سرپرست، ہیرو اور میرے جیون ساتھی، میں تم سے محبت کرتی ہوں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ اب دیکھتے ہیں کہ میں اگلے سال کیا کرتی ہوں۔


اداکارہ و میزبان کے اس منفرد انداز کو جہاں ان کے مداح بے حد پسند کر رہے ہیں وہیں ان کے ساتھی فنکار بھی ان کے اس انداز کی تعریفیں کر رہے ہیں۔