غیر قانونی مقیم افغان مہاجرین کا باب دوستی سے انخلاء جاری

October 10, 2023

فائل فوٹو

ملک میں غیر قانونی رہائش پذیر افغان مہاجرین کا پاک افغانستان سرحد بابِ دوستی سے انخلاء جاری ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق افغان باشندے بڑی تعداد میں بابِ دوستی سے ڈی پورٹ کیے گئے ہیں،ڈی پورٹ کیے گئے افغان باشندوں کو سندھ اور بلوچستان کے مختلف شہروں سے حراست میں لیا گیا۔

ایف آئی اے نے بتایا ہے کہ 3 دن میں 745 غیر قانونی رہائش پزیر افغان باشندے بابِ دوستی سے ڈی پورٹ ہوئے۔

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کے مطابق بابِ دوستی پر 3 کیٹیگریز کے افغان شہریوں کی واپسی جاری ہے، ہر روز 18خاندان رضاکارانہ طور پر وطن واپس جاتے ہیں۔

اس حوالے سے لیویز حکّام نے بتایا ہے کہ سندھ کے مختلف شہروں سے 2 درجن خاندان وطن واپسی کے لیے بابِ دوستی پہنچ گئے ہیں۔

دوسری جانب ایک افغان خاندان نے بتایا ہے کہ کل سے سرحد پار جانے کے منتظر ہیں مگر سسٹم سست روی کا شکار ہے۔