بیڈ روم کو فنگ شوئی کے مطابق ڈیزائن کرنا

October 15, 2023

فنگ شوئی، ایک قدیم چینی روایت ہے، جو افراد کو ان کے ارد گرد کے ماحول سے ہم آہنگ کرنے کے لیے توانائی کی قوتوں کو استعمال کرنے کا طریقہ بتاتی ہے۔ فنگ شوئی کا لفظی مطلب ہے ’ہوا، پانی‘ (یعنی سیال)۔ تعریف کے مطابق، فنگ شوئی فطری دنیا کے ساتھ توازن پیدا کرنے کے لیے چیزوں کو ترتیب دینے کا عمل ہے۔ جب آپ اپنے سامان کو منظم کرنے لگتے ہیں تو آغاز بیڈروم سے کرتے ہیں کیونکہ یہی وہ جگہ ہے جہاں آپ آرام دہ نیند لیتے ہیں۔

ڈیزائنر ڈانا کلاڈاٹ کا کہنا ہے کہ بیڈ روم کو فنگ شوئی کےمطابق رکھنے کی پہلی وجہ یہ ہے کہ اس سے ہمیں گہری اور بھرپور نیند ملتی ہے۔ یہاں تک کہ ان کے کلائنٹس بھی اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ ان کے بیڈ روم کو فنگ شوئی کے مطابق کرنے سے ان کی نیند میں بہتری آئی ہے۔

صرف یہی نہیں، بیڈ روم میں فنگ شوئی تبدیلیوں کے بعد آپ کے گھریلو تعلقات میں بہتری آسکتی ہے۔ فنگ شوئی کے مطابق آپ کے سونے کا کمرہ ہمیشہ پیار سے وابستہ ہوتا ہے، ڈانا کلاڈاٹ کے بہت سے کلائنٹس کو بھی خوشگوار ازدواجی تعلقات بنانے یا خراب تعلقات کو بہتر کرنے میں کامیابی حاصل ہوئی۔ آئیے جانتے ہیں کہ سونے کے کمرے کیلئے ہم فنگ شوئی تصور سے کیسے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

بستر کی جگہ

مثالی تو یہی ہے کہ آپ کا بستر دروازے سے ایک آرام دہ فاصلہ پر ہونا چاہئے تاکہ باہر سے وہ نظر نہ آئے۔ لیکن اسے ایسی جگہ ہونا چاہیے جہاں سے کمرے میں داخل ہونے والا ہر فرد آپ کو دکھائی دے۔ آپ کے بستر کو فرش سے اوپر ہونا چاہئے تاکہ نیچے توانائی آزادانہ طور پر گردش کرسکے۔ بستر کےسرہانے والے حصے کو دیوار کے ساتھ لگا ہوناچاہئے تاکہ آپ کو سوتے وقت سپورٹ مل سکے۔ کلاڈاٹ کا کہنا ہے کہ آپ فنگ شوئی کی شرائط کا فائدہ اٹھائیں لیکن بہتر یہ ہوگا کہ آپ باتھ روم والی دیوار کے ساتھ بیڈ نہ رکھیں۔

رنگوں سے توانائی

فنگ شوئی کا اہم نکتہ پُرسکون اور دلکش رنگوں کا انتخا ب ہے۔ کلاڈاٹ کا کہنا ہے کہ جب آپ کسی کمرے میں رنگ کر رہے ہوتے ہیں تو وہ اپنےساتھ خاص قسم کی توانائی لاتا ہے اور آپ کے ارادوں پر اثر انداز ہوتا ہے۔ اس لیے اپنے بیڈ روم میں ایسے رنگ کروائیں جو آپ کی شخصیت یا ارادوں سے میل کھاتے ہوں۔

اگر آپ کواپنے بیڈ روم میں بھرپور نیند لینے میں پریشانی کا سامنا ہے تو ہلکے رنگوں کا انتخاب کریں جن کو دیکھ کر طبیعت میں ٹھہرائو پیدا ہوتاہے۔ آپ بھرپور نیند لیتے ہیں لیکن تعلقات میں زیادہ جوش کی تلاش میں ہیں یا زیادہ متحرک زندگی چاہتے ہیں توآپ بیڈ رو م کی دیواروں پر گہرے اور تیز رنگ کرواسکتےہیں۔ فنگ شوئی کے مطابق سرخ ، نارنگی یا دوسرے تیز رنگ بہت ساری توانائی لاتے ہیں۔

تنظیم و ترتیب

یہ بات مشہور ہے کہ گھر کے کسی بھی حصے میں بے ترتیبی ذہنی تناؤ کا سبب بن سکتی ہے، اسی لیے اپنے بیڈروم کو منظم اور صاف رکھنا ضروری ہے۔ کلاڈاٹ کا کہنا ہے، ’’بے ترتیبی مثبت توانائی کے بہاؤ اور اس کے ساتھ آنے والے عظیم جذبات کو روکتی ہے۔ اس کے علاوہ جب لوگ کسی بستر کے نیچے غیرضروری چیزیں محفوظ کرتے ہیں یا کاغذات کا ڈھیر اپنے بستر کے نیچے جمع کرتے ہیں تو یہ پریشانیوں کی سیج پر سونے جیسا ہے، یقیناً یہ آرام دہ نہیں ہوتا۔ یہاں تک کہ فنگ شوئی پر عمل کرنے یعنی ہر چیز منظم رکھنے سے ہر دن پر مثبت اثر پڑ سکتا ہے۔ بیڈروم سے افراتفری والی اشیا صاف کرنے سے آپ کی نیند کے معیار، ذہنیت اور مزاج پر بھی گہرے اور مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

بیڈ روم میں کتابیں

آپ بیڈروم میں موجود تمام کتابیں نہ تو پڑھتے ہیں اور نہ ہی آپ کے پاس ان کیلئے وقت ہوتا ہے۔ یہ بھی ممکن ہے کہ کچھ کتابیں ساری زندگی آپ کے مطالعے میں نہ آئیں، لہٰذا ایسے تمام رسالوں اور کتابوں کو کمرے سے ہٹانے کے بارے میں سوچیں، کئی لوگوں کیلئےیہ ایک مشکل مرحلہ ہوسکتا ہے۔ فنگ شوئی کے اصولوں کے مطابق کتابیں اور کام سے متعلق تمام چیزیں سونے کے کمرے سے باہر رکھنی چاہئیں ، البتہ سونے سے پہلے اگر آپ کو مطالعہ کی عادت ہے تو آپ ایک کتاب اپنے سرہانے یا سائڈ ٹیبل پر رکھ سکتے ہیں۔ کلاڈاٹ کا کہنا ہے، ’’میں بیڈروم میں کتابوں کو 100فیصد کم کرنے کے بجائے ان کو محدود کرنا چاہتی ہوں‘‘۔

مزید برآں، فنگ شوئی کے تحت ہر چیز میں توازن ہونا ضروری ہے۔ کلاڈاٹ کا کہنا ہے،’’توازن ایک ایسی چیز ہے جو زندگی کے ہر پہلو اور احساس کیلئے ضروری ہے۔ مثلاً آپ کے بیڈ کی دونوں طرف سائڈ ٹیبل ہونی چاہئے۔ اگر کمرے میں صرف ایک سائڈ ٹیبل ہو یا دوسری بیڈ کے علاوہ کہیں اور رکھی ہو تو ایسے توازن بگڑ جاتاہے‘‘۔

یہ بھی ممکن ہے کہ آپ کے بیڈروم کا سائز اتنا بڑا نہ ہو کہ ہر چیز تواز ن میں آجائے، ایسے میں آپ کو اسے منظم کرنے کیلئے کچھ قوانین سے صرف نظر کرنا پڑ سکتاہے۔ کلاڈاٹ کے مطابق ہر شخص، ہر گھر اور ہر بیڈروم الگ ہوتا ہے، لہٰذا فنگ شوئی کے ہرقاعدے کو سختی سے نافذ کرنے کی کوشش کرنا لوگوں کو الجھن کا شکار کرسکتا ہے اور بہتری کے بجائے بگاڑ پیدا ہونے کا امکان ہے۔ اس سلسلے میں اپنی سمجھ بوجھ کا مظاہر ہ کریں، اگر آپ کو اپنے بیڈروم کے حساب سے فنگ شوئی کی کچھ تبدیلیاں درست نہیں لگتیں تو ان پر عمل نہ کریں۔