تعمیراتی شعبے کیلئے اقوام متحدہ کا ’ڈی کاربونائزیشن پلان‘

October 22, 2023

ایک محفوظ گھر کو بیرونی اور اندرونی دونوں طرح کے تحفظ کی ضرورت ہوتی ہے۔ جب ہم مکان کو محفوظ بنانے کی بات کرتے ہیں تو یہ دو طرح کی حفاظت ہوتی ہے؛ ایک تو معیاری مٹیریل کے استعمال سے محفوظ بنانا، دوسرا چوری یا ڈکیتی کی وارداتوں سے اس کو تحفظ دینا۔ مکان کی تعمیر میں معیاری مٹیریل کا استعمال لازمی کرنا چاہیے۔ اگر مکان کی بنیادیں مضبوط ہوں گی تو اس پر کھڑا ہونے والا ڈھانچہ بھی مضبوط اور انسانی زندگی کے لیے محفوظ ہوگا۔

مکان کی تعمیر میں جتنا زیادہ معیاری اور پائیدار مٹیریل استعمال کیا جائے گا، وہ اتنے ہی زیادہ عرصے تک خستہ حال ہونے سے بچا رہے گا اور کسی بھی قدرتی آفت کے نتیجے میںمحفوظ تصور ہوگا۔ دوسری جانب سیکورٹی کی بنیاد پر کسی بھی جائیداد کو محفوظ بنانے کا عمل اس وقت شروع ہوجاتا ہے جب آپ پلاٹ خریدتے ہیں۔ اس کے بعد مکان بننے اور جدید ترین اسمارٹ سیکورٹی سسٹم نصب کرنے تک بہت سے مراحل سے گزرنا پڑتا ہے۔

مکان کو تحفظ دینے کا مطلب ہے مضبوط دروازے، بند کھڑکیاں، موشن ڈیٹیکٹر، فلڈ لائٹس، الارم، سیکیورٹی کیمرے، بائیو میٹرک ایکسیس کنٹرول، ریئل ٹائم سرویلنس وغیرہ۔ اگر آپ اپنے مکان کی تعمیر یا تزئین و آرائش کے منصوبے میں وقت اور رقم خرچ کر رہے ہیں تو اس کو محفوظ بنانے کے لئے بھی ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے۔ آئیے اس حوالے سے کچھ چیدہ چیدہ باتیں جاننے کی کوشش کرتے ہیں۔

علاقے پر غور کریں

اگر آپ مکان تعمیر کروانے کا منصوبہ رکھتے ہیں تو ہر طرح سے محفوظ بنانا آپ کی اوّلین ترجیح ہونی چاہیے۔ آپ کے معمار یا ٹھیکیدار کو علاقے کی صورتحال کو شناخت کرنے کے قابل ہونا چاہئے - بنیادی طور پر وہ مقامات جہاں نقب زنی کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔ چوری ، ڈکیتی اور نقب زنی کے خطرے کو دور کرنے کے لیے آپ کو پائیدار حل نکالنا ہوگا۔

آپ اپنے پلاٹ یا مکان کے باہر کھڑے ہوکر چاروں طرف تقابلی جائزہ لیںاور غور کریں کہ آس پاس مکانات کس طرز پر تعمیر کیے گئے ہیں اور وہاںسیکورٹی کا کس طرح خیال رکھا گیا ہے۔ ایک مکان سے دوسرے مکان کے درمیان کیا حفاظتی اقدامات اٹھائے گئے ہیں اور کیا مکانات میںکسی بھی طرف سے بآسانی داخل ہوا جاسکتا ہے؟

پلاٹ کی حدود کا تحفظ

اپنے پلاٹ کے چاروں طرف ایک محفوظ دیوارتعمیر کرنے سے قبضہ کرنے والوں سے آپ کو تحفظ حاصل ہوگا۔ آپ اپنے پلاٹ کی حدود پرکم سے کم ایک میٹر اونچی دیواریں تعمیر کروائیں یا باڑ ھ لگائیں۔ دیواروں کی اونچائی زیادہ ہونا اور بھی اچھی بات ہے۔ اگر بجٹ کے مسائل ہیں تو ایسی صورت میں خاردار تاروں کی باڑ کسی حد تک تحفظ فراہم کرسکتی ہے۔ ایک نگراں یا سیکورٹی گارڈ بھی ملازمت پر رکھا جاسکتا ہے۔

لینڈ اسکیپنگ

چور، ڈاکو کی آمد کا پتا لگانے اور مکان کو ان سے محفوظ رکھنے کے لیے صحن یا سخت زمین پر بجری ڈال دیں یا لکڑی کے تختے بچھا دیں کیونکہ اس قسم کے مٹیریل پر چلنے سےآواز پیدا ہوتی ہے۔ یوں کسی بھی اجنبی کی آمد کا آپ کو فوراً پتہ چل جائے گا۔

اس کے علاوہ آپ اپنے مکان کے اطراف کانٹوں والی جھاڑیاں یا پودے اُگا سکتے ہیں ، جن کے پاس سے گزرنا کسی بھی مشکوک شخص کے لیے مشکل ثابت ہوگا۔

بیرونی روشنیاں

سیکیورٹی کے نقطہ نظر سے موشن ڈیٹیکٹر فلڈ لائٹس بہتر رہتی ہیں کیونکہ ان سے نکلنے والی روشنی کی وجہ سے ہر ذی روح کی آمدو رفت کا پتہ چل جاتاہے۔ دوسری بات یہ کہ مکان کی بیرونی دیواروں سے لگی ہوئی فلڈ لائٹس پر نظر نہیں ٹک پاتی۔ در و دیوار پر روشنی پڑنے سے کسی بھی مشکوک حرکت کا اندازہ لگانا آسان ہوتا ہے اور چور بھی ایسی جگہوں پر جانے سے گریز کرتے ہیں۔

دروازوں کے تالے

یہ ایک حیرت انگیز حقیقت ہے کہ زیادہ تر نقب زن دروازے کے ذریعے مکان تک رسائی حاصل کرتے ہیں۔ وہ یا تو تالے توڑ کر یا دروازے کو پھلانگ کر اندر آتے ہیں۔ لہٰذا ، اس بات کو یقینی بنانا ضروری ہے کہ آپ کے مکان کے دروازے اور تالے انتہائی مضبوط ہوں۔

داخلی راستے

مکان کے کمروں کی تشکیل کی منصوبہ بندی میںبھی سیکورٹی کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ خیال رکھیں کہ مکان کے کسی بھی کمرے کا دروازہ براہ راست باہر کی جانب نہ کھلتاہو کیونکہ کھلے دروازے سے کمروں کے اندر نظر پڑتی ہے۔ اس کے علاوہ کوئی بھی دروازہ یا تالا توڑ کر کارروائی کرسکتا ہے۔

اس کے علاوہ ایک کمرے سے دوسرے کمرے تک اتنی قدرتی یا مصنوعی روشنی ہونی چاہئے کہ کسی کی آمدورفت آنکھ سے اوجھل نہ رہے۔ اسی طرح مکان کے عقبی حصے یا باغیچے کے راستے کو بھی محفوظ بنایا جائے۔

اسمارٹ سیکیورٹی آپشنز

آجکل اسمارٹ فون کی اسکرین پر بھی سوائپس کے ذریعے کچھ سیکورٹی آپشنز دستیاب ہیں۔ بنیادی اسٹارٹر کٹ میں کیمرے ، الارم ، دروازوں کے تالے اور موشن ڈٹیکٹر کا امتزاج ملے گا۔ اس کے علاوہ سیٹ اَپ میں ایسے سینسر بھی شامل ہونے چاہئیں کہ جب اس کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ کرے یا کھولنے کی کوشش کرےتو اس کا پتہ چل جائے۔

اب نیا سسٹم ایک جدید ترین ویڈیو سسٹم کے ساتھ آیا ہے جو آپ کو اپنے مکان کے بیرونی حصے کی ریئل ٹائم فوٹیج دیکھنے کے ساتھ ساتھ اپنے اسمارٹ فون کے ذریعہ جاننے والوںکو مکان میں داخلے کی اجازت دیتا ہے۔ کچھ مصنوعات کو آپ کے روزمرہ کے معمولات کو سیکھنے کے لئےبھی استعمال کیا جاسکتا ہے ، یعنی جب آپ مکان سے باہر ہوتے ہیں تو لائٹنگ اور میوزک کے استعمال سے مکان میں نقل و حرکت کا تاثر دے سکتے ہیں، جس سے یہ ظاہر ہوگا کہ کوئی شخص اندر موجود ہے۔

ہنگامی حفاظت

مکان میں گیس پائپ لائننگ یا الیکٹرک وائرنگ ایسی محفوظ کروائی جائے جس سےآگ لگنے کے واقعات صفر ہوجائیں۔ اسی طرح غیر معیاری وائرنگ اور اس میں استعمال کیے جانے والے غیر معیاری تار اور آلات بھی شارٹ سرکٹ کا باعث بنتے ہیں، جس سے آگ لگنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔

لہٰذا، مکان میں ہنگامی اخراج (Emergency Exit)کے راستے نہ صرف موجود ہوں بلکہ ان کی باقاعدہ تصاویر سے نشاندہی کی جائے۔ مزید برآں، گھر میں آگ بجھانے کے آلات بھی صحیح حالت میں موجود ہونے چاہئیں۔