پاکستان اور چین کا معاشی تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق

March 19, 2024

وزیرخزانہ محمد اورنگزیب اور چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ کی ملاقات میں معاشی تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق چینی سفیر نے وزیر خزانہ کو عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی۔

اس موقع پر چینی سفیر کا کہنا تھا کہ پاک چین معاشی تعلقات کی مزید مضبوطی کےلئے پُراعتماد ہوں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ مختلف شعبوں میں سپورٹ کیلئے چینی قیادت کے مشکور ہیں، سیف ڈپازٹ رول اوور کرنے پر چین کے خصوصی طور پر شکر گزار ہیں۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ رول اوور اور کمرشل قرض سے پاکستان کی معیشت میں استحکام آیا، پاکستان کی ترقی اور معاشی بحالی کے لئے سی پیک بہت اہم ہے۔

اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور چین نے صنعتی زون، زراعت، معدنیات اور قابل تجدید توانائی شعبے میں تعاون پر اتفاق کیا۔

ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان معاشی تعلقات کو مزید وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ سی پیک کے اگلے مرحلے میں موجودہ سی پیک منصوبوں پر توجہ مرکوز ہوگی۔