شاہ رخ خان نے بالی ووڈ میں کامیابی کیسے حاصل کی؟ نوجوت سنگھ سدھو نے بتا دیا

March 26, 2024

ــــ فائل فوٹو

سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے شاہ رخ خان کی بھارتی فلم انڈسٹری میں شاندار کامیابی کا راز بتا دیا۔

بھارتی فلم انڈسٹری میں اقربا پروری کا رجحان اکثر ہی موضوعِ بحث رہتا ہے لیکن پھر بھی شاہ رخ خان کی کامیابی کی کہانی اس انڈسٹری میں سب سے زیادہ مشہور ہے۔

شاہ رخ خان نے جب بھارتی فلم انڈسٹری میں قدم رکھا تھا تو ان کا کوئی رشتے دار یا دور کی جان پہچان کا بھی کوئی شخص فلم انڈسٹری میں نہیں تھا۔

اُنہوں نے فلم انڈسٹری میں صرف اپنی شاندار اداکارانہ صلاحیتوں کی وجہ سے اپنا منفرد مقام حاصل کیا اور ان کے مداح اکثر ہی ان کی اس شاندار کامیابی کا راز جاننا چاہتے ہیں۔

سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران شاہ رخ خان سے ہونے والی ایک ملاقات کا دلچسپ واقعہ سنایا۔

اُنہوں نے بتایا کہ میری ماڈل اسکول کے گراؤنڈ میں شاہ رخ خان سے ملاقات ہوئی تھی اس وقت وہ ایک ٹی وی شو ’فوجی‘ میں کام کر رہے تھے تو میں نے ان سے پوچھا کہ وہ مستقبل میں کیا کرنا چاہتے ہیں تو اُنہوں نے مجھے جواب دیا کہ’میں بالی ووڈ کا حصّہ بننا چاہتا ہوں‘۔

نوجوت سنگھ سدھو نے بتایا کی شاہ رخ خان کی یہ بات سن کر میں نے ان سے استفسار کیا کہ’آپ کا انڈسٹری میں کوئی رشتہ دار نہیں ہے تو آپ وہاں کیسے دوسرے لوگوں کا مقابلہ کرنے میں کامیاب ہوں گے؟‘ میرے اس سوال کے جواب میں شاہ رخ خان نے مجھ سے کہا کہ’میں اپنے علاوہ کبھی کسی سے مقابلہ نہیں کرتا‘۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ مجھے شاہ رخ خان کے وہ الفاظ سن کر اسی دن اندازہ ہوگیا تھا کہ یہ آدمی بہت آگے جائے گا اور آج اس کے پاس جتنی کامیابی ہے اتنی ہی عاجزی و انکساری بھی ہے۔