آئی ایم ایف کے بڑے پروگرام میں شامل ہو رہے ہیں: وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگ زیب

March 29, 2024

وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگ زیب پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے—’جیو نیوز‘ گریب

وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگ زیب کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے بڑے پروگرام میں شامل ہو رہے ہیں، اس کے ساتھ مائیکرو اکنامک اسٹیبیلٹی جاری رکھیں گے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگ زیب نے کہا کہ گرم جوش استقبال پر شکریہ ادا کرتا ہوں، آئی ایم ایف حکام سے جلد واشنگٹن میں ملاقات ہو گی۔

ان کا کہنا ہے کہ زرعی شعبے کی نمو 5 فیصد رہی، چاول کی فصل بمپر رہی، گندم کی بھی اچھی خبریں ہیں، کرنٹ اکاؤنٹ کھاتہ بہتر ہے، شرح تبادلہ بھی مستحکم ہے، مہنگائی کی شرح کم ہوئی ہے۔

’’ساری کامیابیاں شہباز شریف کے گزشتہ دور کا ایس بی اے معاہدہ ہے‘‘

محمد اورنگ زیب نے کہا کہ یہ ساری کامیابیاں شہباز شریف کے گزشتہ دور کا ایس بی اے معاہدہ ہے، 14 اور 15 اپریل کو آئی ایم ایف سے مذاکرات ہوں گے، نگراں حکومت نے معیشت کی بحالی کے لیے بہتر کام کیے۔

انہوں نے کہا کہ بہتر معاشی پالیسیوں کی بدولت معیشت جلد مستحکم ہو گی، نگراں سیٹ اپ نے ڈاکٹر شمشاد کی سربراہی میں بہتر طریقے سے عمل کیا، 14 اور 15 اپریل کو ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے اجلاس میں جائیں گے۔

’’ہم جانتے ہیں کیا اور کیوں کرنا ہے‘‘

وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگ زیب کا کہنا ہے کہ نئے پروگرام کے خدوخال پر بات کریں گے، تفصیلی مذاکرات پاکستان آ کر ہوں گے، ہم جانتے ہیں کیا اور کیوں کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی نج کاری اور ایئر پورٹس آؤٹ سورسنگ پر اچھی پیش رفت ہوئی ہے، حکومت کا کام پالیسی فریم ورک دینا ہے، نجی شعبے کو لیڈ کرنا ہے۔

وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگ زیب کا کہنا ہے کہ ہماری حکمتِ عملی دہری ہے، قلیل اور وسطِ مدت میں نقصانات کم کرنا ہے۔

’’زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے کام کر رہے ہیں‘‘

انہوں نے کہا ہے کہ اہم اقتصادی اشاریوں میں بہتری کےساتھ 2024ء میں معیشت کا آغاز بہتر انداز میں ہوا، وزارتِ قانون اور ایف بی آر سے مل کر ٹیکس لیکیج دور کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر خزانہ کا مزید کہنا ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے کام کر رہے ہیں، شفافیت اور سرمایہ کاروں کا تحفظ بڑھانے کے لیے کیپیٹل مارکیٹ پرتوجہ دیں گے۔

محمد اورنگ زیب کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزارتِ خزانہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لیے سرمائے تک رسائی آسان بنانے کے لیے کیپٹل مارکیٹ کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔

وزیرِ خزانہ نے روایتی گھنٹی گونگ بجا کر کاروبار کا آغاز کیا

اس سے قبل وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی گونگ تقریب میں روایتی گھنٹی گونگ بجا کر کاروبار کا آغاز کیا۔

تقریب میں چائنیز ڈائریکٹر پی ایس ایکس یو ہینگ نے خطبۂ استقبالیہ پیش کیا اورکہا کہ وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کی پی ایس ایکس میں آمد سے ان کی دلچسپی کا اظہار ہوتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ انڈیکس کا نئی بلند ترین سطح پر پہنچنا موجودہ حکومت پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کا اظہار ہے، موجودہ حکومت اصلاحات پر عمل درآمد جاری رکھے ہوئے ہے۔

چائنیز ڈائریکٹر پی ایس ایکس یو ہینگ نے یہ بھی کہا کہ ہمارا عزم ہے کہ کیپیٹل مارکیٹ پاکستان کی معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے،چیئرپرسن پی ایس ایکس بورڈ ڈاکٹر شمشاد اختر ہماری رہنمائی کر رہی ہیں۔