ایران پر امریکی پابندیوں نے پاکستانی برآمدات ختم کردیں

March 29, 2024

--- فائل فوٹو

ایران پر امریکی پابندیوں نے ایران کیلئے پاکستانی برآمدات ختم کردیں۔

ذرائع کے مطابق مسلسل تیسرے مالی سال ایران کیلئے پاکستانی برآمدات صفر رہیں اور درآمدات میں اضافہ ہوا۔ مالی سال 2021ء سے 2023ء کے دوران ایران کیلئے پاکستانی برآمدات صفر رہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی پابندیوں کے باعث بینکنگ چینلز کا نہ ہونا برآمدات صفر رہنے کی بڑی وجہ ہے جبکہ گزشتہ مالی سال پاکستان کی ایران سے درآمدات مزید بڑھ گئیں۔

ذرائع وزارت تجارت کے مطابق گزشتہ 3 سال کے دوران پاکستان کی ایران سے درآمدات 2 ارب 17 کروڑ ڈالر رہیں۔ مالی سال2021ء میں پاکستان کی ایران سے درآمدات 51 کروڑ 36 لاکھ ڈالر جبکہ مالی سال 2022ء میں درآمدات کا حجم 77 کروڑ 38 لاکھ ڈالر تھا اور مالی سال2023ء میں ایران سے درآمدات بڑھ کر 88 کروڑ ڈالر پر پہنچ گئیں۔

ذرائع کے مطابق مالی سال 2020ء میں ایران کیلئے پاکستانی برآمدات صرف 10ہزار ڈالر تھیں جبکہ مالی سال2019ء میں ایران کیلئے برآمدات کا حجم ایک کروڑ 24 لاکھ ڈالر تھا اور مالی سال 2018ء پاکستانی برآمدات 2 کروڑ 29 لاکھ ڈالر تھیں۔