نیوزی لینڈ کیخلاف شاہین آفریدی کو آج آرام دینے پر بات چیت ہوگی

April 01, 2024

فائل فوٹو

نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے لیے قومی ٹیم کے انتخاب کے لیے سلیکشن کمیٹی آج کپتان بابر اعظم سے کاکول میں مشاورت شروع کرے گی۔

نیوزی لینڈ کے خلاف روٹیشن پالیسی اپنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، شاہین آفریدی سمیت کھلاڑیوں کو آرام دینے اور روٹیشن کے تحت کھلانے پر بات چیت ہو گی، 5 میچز کی سیریز کے لیے 17 سے 18 رکنی اسکواڈ کا اعلان جلد کیے جانے کا امکان ہے۔

رواںماہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لیے پاکستان پہنچ رہی ہے، سیریز کا آغاز 18 اپریل سے ہو گا، سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کے اعلان کے لیے قومی سلیکشن کمیٹی جو ان دنوں کاکول میں ہی موجود ہے گزشتہ روز وائٹ بال ٹیم کے کپتان بننے والے بابر اعظم سے آج مشاورتی عمل کا آغاز کرے گی۔

سلیکٹرز آج کاکول میں چیئرمین محسن نقوی سے ملاقات کریں گے اور فٹنس کیمپ کے حوال سے فیڈ بیک دیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہوم سیریز کے لیے 17 سے 18 کھلاڑیوں کا اعلان کیا جائے گا، انہی میں سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کا اعلان ہو گا، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے اسکواڈ کے اعلان کی ڈیڈ لائن یکم مئی ہے جبکہ 25 مئی تک اسکواڈ میں تبدیلی کی جا سکے گی، اس کے بعد آئی سی سی کی اجازت درکار ہو گی۔