کراچی: مزاحمت پر نوجوان کے قتل کا ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک

April 04, 2024

نیو کراچی کے علاقے بلال کالونی میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر نوجوان کے قتل کا مرکزی ملزم پولیس مقابلے میں مارا گیا جبکہ اس کے ساتھی کو گرفتار کر لیا گیا۔

ڈی آئی جی ویسٹ زون عرفان علی بلوچ نے اس سلسلے میں پریس کانفرنس میں میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔

ان کے ہمراہ ایس ایس پی سینٹرل ذیشان صدیقی، ایس ایس پی ویسٹ عبدالحفیظ بگٹی اور ایس پی انویسٹی گیشن عارب مہر بھی موجود تھے۔

عرفان بلوچ نے بتایا کہ 24 مارچ کو نیو کراچی بلال کالونی میں فوم کی دکان پر لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر ملزمان نے نوجوان عبدالرحمٰن کو قتل کر دیا تھا، ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایس ایس پی سینٹرل کی سربراہی میں ٹیمیں بنائی گئی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ آج صبح نیو کراچی سیکٹر فائیو ایچ میں ہوئے پولیس مقابلے میں ملزم افضل حسین ہلاک جبکہ اس کا ساتھی زخمی ہوا۔

پولیس مقابلے میں زخمی ملزم نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا کہ ہلاک ملزم ہی عبدالرحمٰن کے قتل میں ملوث تھا اور ان ملزمان نے ہی فوم کی دکان پر لوٹ مار کی تھی۔

نوجوان عبدالرحمٰن نے ملزمان کو پکڑنے کی کوشش کی، مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کی جس سے عبدالرحمٰن جاں بحق ہو گیا۔

عرفان بلوچ کے مطابق اس دن سے ہی اس کیس پر ٹیکینکل طریقے سے مستقل کام کر رہے تھے۔

ایس ایس پی سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی نے بتایا کہ ہلاک ملزم افضل حسین کے خلاف درجن سے زائد مقدمات درج ہیں، ملزم کے خلاف بلال کالونی، منگھوپیر، اجمیر نگری، اے سی ایل سی، پاکستان بازار، حیدری، اورنگی ٹاون اور جمشید کواٹر میں مقدمات درج ہیں۔

ڈی آئی جی عرفان بلوچ نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ویسٹ میں بھی اسٹریٹ کرائم میں ملوث ایک گینگ برسٹ کیا گیا ہے، اس کارروائی میں 8 ملزمان پر مشتمل گینگ پکڑا گیا ہے۔

عرفان بلوچ نے میڈیا کو بتایا کہ اس گینگ کے پاس ہتھیار کہاں سے آ رہے ہیں اس سلسلے میں بھی ہم کام کر رہے ہیں۔