کراچی: نجی کمپنی بیرون ملک نوکری کا جھانسہ دے کر کروڑوں روپے لوٹ کر فرار

April 15, 2024

علامتی فوٹو

کراچی میں بیرون ملک نوکری کا جھانسہ دے کر کروڑوں روپے لوٹ کر نجی کمپنی فرار ہوگئی، متاثرہ افراد نے کمپنی کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروادی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ نجی کمپنی کے خلاف کارروائی کیلئے متعدد نوجوانوں نے درخواستیں دیں، جس کی تفتیش جاری ہے۔

متاثرہ افراد کا کہنا ہے کہ ڈیفنس فیز 8 میں نجی کمپنی نے سعودی عرب، دبئی میں ملازمت کیلئے نوجوانوں سے رقم لی، آج کمپنی کے دفتر میں پہنچے تو تالا لگا ہوا تھا۔

متاثرہ افراد کی تعداد 80 کے قریب ہے، جنہوں نے 2 کروڑ سے زائد رقم جمع کروائی۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ ہمارے پاسپورٹ، دیگر دستاویزات نجی کمپنی کے پاس تھے۔