پاکستانی کرکٹرز بدستور دبئی میں پھنسے ہوئے، فلائٹ مزید تاخیر کا شکار

April 18, 2024

پاکستان کے اسٹار کرکٹرز بدستور دبئی میں پھنسے ہوئے ہیں، دبئی سے ہیوسٹن جانے والی فلائٹ مزید تاخیر کا شکار ہے، آج روانہ ہونے والی فلائٹ بھی منسوخ کردی گئی۔

کھلاڑیوں سمیت تمام مسافروں کو اب کل صبح فلائٹ کا کہا گیا ہے، دبئی میں پروازوں کا شیڈول بارشوں کی وجہ سے متاثر ہے۔

فلائٹس متاثر ہونے کی وجہ سے کامران اکمل، مصباح الحق، عمر گل اور عبدالرزاق پھنسے ہوئے، کھلاڑی کل دوپہر ایک بجے سے دبئی ایئرپورٹ پر موجود ہیں۔

شیڈول کے مطابق پلیئرز کو کل شام چار بجے دبئی سے ہیوسٹن روانہ ہونا تھا۔ پلیئرز کا کہنا ہے کہ بار بار فلائٹس میں تاخیر اور منسوخی کی خبر ہی دی جا رہے ہے۔

2009 ورلڈ کپ فاتح اسکواڈ کے پلیئرز کو امریکا میں نمائشی میچ اور فنڈ ریزر میں حصہ لینا ہے۔

مصباح الحق کا کہنا ہے کہ پہلے ہم سے بورڈنگ کا کہا گیا پھر دو گھنٹے بعد فلائٹ منسوخ کردی، لوگ گھنٹوں بچوں کے ساتھ قطاروں میں کھڑے تھے، ہمیں انتظار کرتے 30 گھنٹوں سے زائد وقت ہوچکا ہے۔