بحریہ ٹاوٴن راولپنڈی کے زیر اہتمام 2روزہ نیزہ بازی میلہ اختتام پذیر

April 23, 2024

راولپنڈی(خبر نگار خصوصی) بحریہ ٹاوٴن راولپنڈی کے زیر اہتمام گھڑ سوار نیزہ 2 روزہ نیزہ بازی میلہ گزشتہ روزاختتام پزیر ہوگیا،اس رنگا رنگ نیزہ بازی میلے میں خواتین بچوں اور بزرگوں سمیت سکولز کے طلبہ و طالبات نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی اور نیزہ بازی کے روایتی دیسی کھیل سے خوب لطف اندوز ہوئے۔دن بھر رم جھم بارش کی پھوار سے میلہ کی رونقیں مزیدبڑھا گئیں اور موسم بھی خوشگوار رہا۔اختتامی تقریب میں چیف ایگزیکٹو بحریہ ٹاوٴن کموڈور ریٹائرڈ محمد الیاس اور ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر ساجد الیاس نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔سنگل اور چار کے گروپ کی پانچ پانچ ٹیموں میں انعامات،ٹرافیاں،نقد انعام بھی دیا گیا۔بحریہ ٹاوٴن فیز 8 کے وسیع میدان میں یہ دو روزہ نیزہ بازی کا میلہ اتوار اور پیر دو دن منعقد ہوا جس میں پنجاب،آزاد کشمیر، خیبرپختونخوا کی85 نیزہ باز کلبوں 127 ٹیموں نے حصہ لیا،سنگل نیزہ بازی اور چار کے گروپ کے نیزہ بازی کے خوبصورت دلکش اور سنسنی خیز مقابلے ہوئے،دونوں گروپوں کی پہلی پانچ ٹیموں میں انعامات ٹرافیاں دی گئیں،چار گروپ کے مقابلہ کے ونر ٹیم کو ٹرافیوں کے ساتھ 1 لاکھ روپے انعام،رنر اپ ٹیم کو 60 ہزار روپے کیش اور ٹرافیاں، تیسرے نمبر کی ٹیم کو40ہزار روپے نقد اور ٹرافیاں جبکہ سنگل مقابلہ ٹیم کے فاتح کو 50ہزار روپے نقد و ٹرافی ،دوسرے نمبر فاتح کو 30ہزار روپے نقد اور ٹرافی اور تیسرے نمبر پر آنے والے نیزہ باز کو 20 ہزار روپے نقد اور ٹرافی دی گئی۔چار گروپ کے مقابلہ میں قیدی 804 گھوڑے کے گوجر خان گروپ نے پہلی پوزیشن حاصل کر کے میدان مارا،بہترین پرفارمنس دینے والے کھلاڑیوں کے گھوڑے سلطان ،مرشد،بلیک بیوٹی،عطائے علی،شیر دل،مارشل،یار بادشاہ اورھیرا شامل ہیں۔اس موقع پرمہمان خصوصی چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد الیاس نے انعامات تقسیم کرتے کہا ہےکہ ہم نے نیزہ بازی کے خوبصورت دیسی کھیل کو زندہ کر رکھا ہے۔بحریہ ٹاوٴن رائل رائیڈنگ کلب کے سربراہ جمشید احمد کامیاب اور پر رونق میلہ انعقاد پر بہت خوش دکھائی دے رہے تھے، ہر سال دو روزہ اس میلہ کا انعقاد نیزہ بازی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔