عوامی رکشہ یونین کامہنگائی اورٹریفک پولیس کیخلاف احتجاج

April 23, 2024

لاہور(نیوزرپورٹر) عوامی رکشہ یونین پاکستان کے مرکزی چیئرمین مجید غوری نے کہا ہے کہ حکومت مہنگائی میں کمی کرکے مزدوروں کو ریلیف دے ۔ بجلی ، گیس اور پانی کے بل میں کمی اور پٹرول سستا کیا جائے،گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزں کو عمر قید کی سزا دی جائے،پرائس کنٹرول مجسٹریٹ حکومتی نرخوں پر اشیا خورو نوش فروخت کروانے میں ناکام ہوچکے ہیں۔ ایس پی سٹی ٹریفک پولیس جو عرصہ دراز سے اسی جگہ پر مختلف عہدوں پر تعینات ہے اور تجاوزات مافیا کا سرپرست بن چکا ہے، رکشہ سٹینڈ ختم کروا کر وہاں ریڑھیاں لگوا رہا ہے۔ ایسے نااہل افسران کو نوکریوں سے برطرف کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازسے مطالبہ ہے کہ ایس پی سٹی کے ظلم کیخلاف نوٹس لیں اورہمیں اسکے ظلم سے نجات دلوائیں ۔ مہنگائی اور ایس پی سٹی کے ظلم کے خلاف آج 23اپریل کو بھی ریلی نکالی جائے گی۔