علی امین کی پریس کانفرنس حساس مسئلے پر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ ہے، امیر مقام

April 23, 2024

فائل فوٹو۔

وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور آئینی فورمز پر کرنے والی باتیں پریس کانفرنس میں کر کے صرف سیاست کر رہے ہیں۔

انہوں نے یہ باتاسلام آباد میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی پریس کانفرنس کے جواب میں کہی۔

امیر مقام کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کے کی پریس کانفرنس نیشنل سیکیورٹی اور دہشت گردی جیسے حساس مسئلے پر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ علی امین گنڈا پور نے یہ نکات متعلقہ فورمز پر کبھی کیوں نہیں اٹھائے جن میں وہ شریک ہوتے رہے ہیں۔

امیر مقام نے کہا دہشت گردی کے واپس آنے کی بنیادی وجہ ان کے لیڈر کی بطور وزیر اعظم غلط پالیسیاں تھیں۔ ان پالیسیوں کا خمیازہ آج پاکستان بھگت رہا ہے۔

وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا آپ نے مذاکرات کے نتیجے میں دہشت گردوں کو جیلوں سے نکالا اور واپس لا کر آباد کیا، جیلوں سے نکل کر دہشت گرد دوبارہ منظم ہوئے اور دہشت گردی شروع کی۔ اپنی ناکامیوں کا ملبہ وفاق پر نہ ڈالیں۔

انہوں نے کہا خیبر پختونخوا میں 10 سال سے اقتدار میں آپ ہیں اور صوبہ کنگال ہوچکا ہے، نیشنل سیکیورٹی کے معاملات پر سیاست اور سستی شہرت کا حصول قابل مذمت ہے۔ وفاق کے پاس خیبر پختونخوا کا کوئی معاملہ زیر التوا نہیں۔

امیر مقام نے کہا وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا صوبائی تعصب کا تاثر پیدا کرنا چاہتے ہیں، وفاق اور صوبائی اکائیوں کے درمیان امور طے کرنے کے آئینی فورمز پر بات کرنی چاہیے۔