چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض کے فلاحی اقدامات کی عالمی سطح پر پذیرائی

April 28, 2024

اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) چیئرمین بحریہ ٹائون ملک ریاض حسین کی اعلیٰ قیادت نے سماجی بہبود کی اپنی موثر کوششوں پر عالمی سطح پر پذیرائی حاصل کر کے ایک دفعہ پھر پاکستان کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔رئیل اسٹیٹ سے بڑھ کر سماجی بہبود کو نئی بلندیوں تک پہنچایا‘ معروف بین الاقوامی بھی خدمات کے معترف ، دی ورلڈ فنانشل ریویو کی حالیہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’’ایشیاء کے سب سے بڑے رئیل اسٹیٹ ڈیویلپر ملک ریاض حسین نے ایک ایسی مثال قائم کی ہے جو دیگر معروف کاروباری شخصیات کو آگے بڑھنے اور کم آمدنی والی آبادی کی بڑھتی ضروریات کو پورا کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔ اس سے قبل بھی سی این این‘ نیوز ویک‘ لاس اینجلس ٹائمز‘ یورو ایشیاء اور دی نیشنل جیسے معروف بین الاقوامی اخبارات ملک ریاض حسین اور بحریہ ٹائون کی سماجی فلاح و بہبود کے اقدامات کو سراہ چکے ہیں۔ بحریہ دستر خوان جیسے اقدامات کے ذریعے پاکستان میں بھوک اور غربت سے نمٹنے کیلئے ملک ریاض اور بحریہ ٹائون کے عزم کو خاصی پذیرائی ملی ہے۔ بحریہ دستر خوان ملک بھر میں قائم کئے گئے ہیں جہاں لاکھوں افراد کو دن میں دو وقت مفت کھانا باوقار انداز میں فراہم ہوتا ہے۔ ان سب کے ساتھ بطور مہمان برتائو کیا جاتا ہے۔ جریدہ کی اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’’پاکستان کے کامیاب ترین کاروباری فرد بننے کے بعد بھی ملک ریاض نے اپنے لئے متوسط طبقے کی زندگیوں کو بہتر بنانے کا ہدف رکھا ہے‘‘ انہوں نے دیگر کاروباری افراد اور شخصیات کیلئے ایک بہترین قابل تقلید مثال قائم کی ہے کہ وہ فلاحی کاموں میں انکی پیروی کریں اور عوامی فلاح و بہبود کے شعبے میں اپنا کردار ادا کریں کیونکہ حکومت کے پاس ان اقدامات کیلئے وسائل ناکافی ہیں۔