وزیراعظم آج ریاض میں ایم ڈی آئی ایم یف سے ملیں گے

April 28, 2024

وزیرِ اعظم شہباز شریف--- فائل فوٹو

وزیرِ اعظم شہباز شریف کا دورۂ سعودی عرب کا آج دوسرا دن ہے جہاں وہ آج ریاض میں مصروف دن گزاریں گے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس میں شرکت کریں گے جہاں وہ عالمی صحت کے ایجنڈے پر سیشن میں اظہار خیال کریں گے۔

وزیرِاعظم کی آج سعودی عرب میں عالمی اقتصادی فورم کی سائیڈ لائنز پر آئی ایم یف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیواسے بھی ملاقات متوقع ہے۔

عالمی اقتصادی فورم کی سائیڈ لائنز پر آجوزیرِ اعظم شہباز شریف کی امیرِ کویت مشال الاحمد سے ملاقات ہو گی جبکہ سعودی وزراء برائے خزانہ، صنعت، سرمایہ کاری سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کی بل اینڈ میلینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین اور صدر اسلامی ترقیاتی بینک سے بھی ملاقات ہو گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روزوزیرِ اعظم شہباز شریف سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچے تھے۔

92 ممالک کے اہم رہنما

واضح رہے کہ سعودی عرب کے شہر ریاض میں عالمی اقتصادی فورم کا خصوصی اجلاس آج ہوگا۔

اجلاس سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی زیر سرپرستی ہو رہا ہے جس میں ایک ہزار سے زائد سربراہان اور پالیسی ساز اہم شخصیات شرکت کررہی ہیں۔

92 ممالک کے اہم رہنما اور مفکرین بھی عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس میں مدعو ہیں جس کا موضوع ’بین الاقوامی تعاون، ترقی کیلئے توانائی کی اہمیت‘ ہے۔

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن، یورپی یونین کےاعلیٰ نمائندے جوزف بوریل، جرمنی کی وزیر خارجہ، برطانیہ کے وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

اوپن فورم پروگرام میں پہلا سیشن مشرق وسطیٰ میں ڈیجیٹل کرنسی مواقع پر ہوگا جبکہ دوسرا سیشن اکیسویں صدی میں کاروباری شخصیات سے ملاقات کا ہوگا اور تیسرے سیشن کا موضوع ثقافت سفارتکاری کو کس طرح ڈھال رہی ہے۔