ڈی آئی خان: اغواء ہوئے سیشن جج شاکر اللّٰہ بازیاب نہ ہو سکے

April 28, 2024

تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

ڈیرہ اسماعیل خان روڈ پر بگوال اڈہ سے اغواء کیے گئے سیشن جج شاکر اللّٰہ تاحال بازیاب نہ ہو سکے۔

سیشن جج جنوبی وزیرستان شاکر اللّٰہ کو گزشتہ روز اغواء کیا گیا تھا۔

تھانہ مانجھی خیل پولیس کے مطابق سیشن جج کی بازیابی کے لیے ٹانک اور ڈیرہ پولیس کی کوششیں جاری ہیں۔

دوسری جانب سیشن جج مبینہ اغواء کیس سے متعلق کمیٹی قائم کردی گئی ہے جس میں سی ٹی ڈی، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام شامل ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق جج کے اغواء کی ایف آئی ار محکمہ انسداد دہشتگردی نے درج کرلی ہے، بازیابی کے لیے سی ٹی ڈی میں الگ ٹیم تحقیقات کررہی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق جج کی گاڑی کو ریکور کرلیا گیا ہے، جائے وقوعہ کے روٹ کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی حاصل کرلی گئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ڈی آئی خان ریجن کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن مسلسل جاری ہے، کئی مشتبہ افراد سے تفتیش بھی جاری ہے۔

ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) حافظ محمد عدنان نے گزشتہ روز بتایا تھا کہ مُسلح افراد سیشن جج کی گاڑی اور ڈرائیور کو وہیں چھوڑ کر چلے گئے تھے۔

گزشتہ روز وزیرِاعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی کو جج کی بحفاظت بازیابی کے لیے اقدامات کی ہدایت کی تھی۔