امریکا غیر ملکی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کیلئے آزادانہ قانون سازی کرے: آر ایس ایف

April 28, 2024

— فائل فوٹو

صحافیوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی بین الاقوامی تنطیم ’رپورٹرز ودآؤٹ بارڈرز (آر ایس ایف)‘ نے غیر ملکی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو جمہوری ملک میں کام کرنے کی اجازت دینے کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے فوری طور پر آزاد قانون سازی کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

امریکی کاُنگریس نے 23 اپریل کو ایک قانون پاس کیا ہے جس کا مقصد امریکا کے شہریوں کو فارن ایڈورسری کنٹرولڈ ایپلی کیشنز سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔

اس بل میں اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ امریکی سیاست کو ٹک ٹاک سے پاک کرنے کے لیے قانون سازی کی فوری ضرورت ہے۔

‎ ٹِک ٹاک کے متعلق امریکی کانگریس نے فیصلہ کیا ہے کہ اس ایپ کی مالک چینی کمپنی ’بائٹ ڈانس‘ پر امریکا میں پابندی عائد کر دی جائے تاکہ امریکی شہریوں کو ’غیر ملکی مخالفین‘ سے بچایا جا سکے۔

آر ایس ایف کے خیال میں امریکا سے چینی سوشل میڈیا ایپ پر پابندی لگانے کی یہ تازہ ترین کوشش ایک اہم بنیادی مسئلے کو جنم دیتی ہے اور وہ یہ ہے کہ وہاں عوام کے معلومات تک رسائی کے حق کو یکسر نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

آر ایس ایف کا کہنا ہے کہ سیاسی حکام بہت آسانی سے جغرافیائی سیاسی تحفظات سے متاثر ہو جاتے ہیں اور پھر انہیں اپنے طور پر یہ فیصلہ کرنے کی اجازت دی جاتی ہے کہ آیا 148 ملین امریکی شہریوں کے زیرِ استعمال سوشل میڈیا ایپ کو بند کرنا ہے یا نہیں۔

‎آر ایس ایف نے مزید کہا ہے کہ اس حساس مسئلے کو سیاسی حکّام کے زیرِ اثر نہیں بلکہ آزاد قانونی فریم ورک کے اندر حل کیا جانا چاہیے۔

آر ایس ایف نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ امریکی حکومت جمہوری معلومات کی جگہوں کے تحفظ کے لیے ہماری تنطیم کے ڈیزائن نظام کو اپنا کر ایسی قانون سازی تیار کرے جو عوام کے معلومات تک رسائی کے حق کو نظر انداز کیے بغیر آمرانہ حکومتوں سے منسلک پلیٹ فارمز کے مسئلے کو حل کرتا ہے۔