سونالی نے کینسر کا مقابلہ کس طرح کیا؟

April 28, 2024

بالی ووڈ کی اداکارہ سونالی باندرے نے کینسر کا مقابلہ کس طرح کیا؟ اپنے حالیہ انٹرویو میں انہوں نے بیماری سے لڑنے کی اپنی کہانی سنائی۔

اپنے حالیہ انٹرویو میں بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ نے کینسر سے لڑنے کی کہانی بتائی۔

اس دوران اینکر کی جانب سے ان سے سوال کیا گیا کہ جب انہیں کینسر کا مرض لاحق ہوا تو کیسے انہوں نے اسے ڈیل کیا اور اس وقت یہ کیسا محسوس کر رہی تھیں؟

اداکارہ نے بتایا کہ جب پہلی مرتبہ مجھے پتہ چلا کہ مجھے کینسر ہوگیا ہے تو اس وقت میں نے سوچا کہ مجھے کیوں ہوا؟ اور میں ساری رات جاگتے ہوئے یہی سوچا کرتی تھی اور مجھے یقین نہیں ہوتا تھا کہ میرے ساتھ یہ ہوگیا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ اور اس وقت میں نے اپنے سوچنے کا انداز بدل لیا کہ یہ صرف میرے ساتھ ہی کیوں ہوا اور میں نے پوچھنا شروع کردیا صرف میرے ساتھ ہی ایسا کیوں ہوا؟ جس کے بعد میں اس بات پر شکر ادا کرنے لگی کہ یہ میری بہن یا بیٹے کے ساتھ ایسا نہیں ہوا اور پھر مجھے اس بات کا یقین ہوگیا کہ مجھ میں کینسر سے لڑنے کی ہمت ہے اور میرے پاس دنیا کے بہترین اسپتالوں میں علاج کروانے کی سکت اور لوگوں کی سپورٹ ہے جو میری مدد کرسکتے ہیں اور پھر لوگوں نے میری مدد بھی کی۔

یاد رہے کہ اداکارہ سونالی باندرے کو 2018 میں کینسر کا مرض لاحق ہوگیا تھا، جس کے بعد انہوں نے نیویارک کے اسپتال میں اپنا علاج کروایا اور وہ 2021 میں اس سے مکمل صحت یاب ہوگئیں۔

صحت یاب ہونے کے بعد انہوں نے کینسر سے متاثرہ لوگوں کی مدد کرنا اور انہیں آگاہی فراہم کرنا شروع کردی تھیں اور اس حوالے سے انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پیغام بھی جاری کیا تھا۔

خیال رہے کہ سونالی باندرے نے دوبارہ ایکٹنگ کی دنیا میں قدم رکھ دیا ہے، زی5 پر وہ ایک ڈرامہ سیریز دی بروکن نیوز کے دوسرے سیزن میں کام کریں گی جو مئی میں شروع کیا جائے گا۔

اس سیزیز میں ان کے ساتھ شریا پلگانکر اور جادیپ بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔