12 برس میں ماضی کے نسبت دو گنا قرضہ لیا گیا، سابق وزیر خزانہ پنجاب

April 28, 2024

سابق وزیر خزانہ پنجاب ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ گزشتہ 12 برس میں ماضی کی نسبت دو گنا قرضہ لیا گیا۔

عاصمہ جہانگیر کانفرنس سے خطاب میں ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ اس وقت ہر پاکستانی 2 لاکھ 88 ہزار کا مقروض ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے بطور نیشن آمدن کم اور اخراجات زیادہ کر لیے ہیں، پچھلے 12 سالوں میں ماضی کی نسبت دوگنا قرضہ لیا ہے۔

سابق وزیر خزانہ پنجاب نے مزید کہا کہ قرض سمیت دیگر ادائیگیاں ڈالرز میں کرنی ہوتی ہیں۔ ہم ڈالرز چھاپ نہیں سکتے اس لیے ہمیں کمانے ہوتے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ بجٹ خسارے کو پورا کرنے کے لیے قرض لیا جاتا ہے۔

عائشہ غوث پاشا نے یہ بھی کہا کہ آمدنی کو بڑھانے کے لیے ایکسپورٹ کو بڑھانا ہوگا، یہ بات باعث شرمندگی ہے کہ دنیا آگے اور ہم پیچھے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف کی ذمے داری صوبائی حکومتوں کے پاس ہے، صوبوں کو 18ویں ترمیم کے مطابق فنکشنل کرنا ہوگا۔