354 کباڑی چوری کی گاڑیوں کے پارٹس خرید و فروخت کرتے ہیں، آئی جی سندھ

April 28, 2024

غلام نبی میمن: فوٹو فائل

انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ غلام نبی میمن کا کہنا ہے کہ 354 کباڑی چوری اور چھینی گئی موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کے پارٹس کی خرید و فروخت کرتے ہیں۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی سندھ نے کہا کہ پولیس ان 354 کباڑیوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن شروع کر رہی ہے۔

آئی جی سندھ نے اپیل کی کہ موٹر سائیکل اور گاڑی کی چوری اور چھیننے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے وی ایل سی کو دی جائے۔

غلام نبی میمن نے شہریوں کو آٹو پارٹس اور استعمال شدہ سامان خریدنے سے متعلق احتیاط کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہری اسکریپ یا پرانے پارٹس و دیگر اشیاء کی خریداری میں بہت احتیاط برتیں۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ استعمال شدہ سامان، کاٹھ کباڑ یا اسکریپ ڈیلرز غیر قانونی یا مسروقہ سامان خریدتے ہیں، سندھ پولیس ایسے اسکریپ ڈیلرز کے خلاف گزشتہ تین روز سے بھرپور کریک ڈاؤن کر رہی ہے، شہری ایسے کسی سامان کی خریداری حکومتی مستند، رجسٹرڈ ڈیلرز سے کریں، جرائم کے خلاف سندھ پولیس اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہے۔