جمشید دستی کا پولیس افسران کیخلاف اندراج مقدمہ کیلئے عدالت جانے کا اعلان

April 28, 2024

سنی اتحاد کونسل کے رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے پولیس افسران کے خلاف مقدمے کےلیے عدالت جانے کا اعلان کردیا۔

مظفر گڑھ میں پریس کانفرنس کے دوران رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ عام انتخابات پاکستان کی تاریخ کے شرمناک الیکشن تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے الیکشن 2024ء میں انتخابی نشان ’با جا‘ دیا گیا، وہی میں نے صدر مملکت آصف علی زرداری کی تقریر کے دوران بجادیا۔

جمشید دستی نے یہ بھی کہا کہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) اور دیگر پولیس افسران کے خلاف مقدمے کے اندارج کےلیے عدالت جارہا ہوں۔

اُن کا کہنا تھا کہ کارکنوں کے گھروں میں چھاپے مار کر اہل خانہ کو ہراساں کرنے کے ساتھ قیمتی سامان چوری کیا گیا ہے۔

رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ کسانوں نے گندم کی کٹائی کرلی ہے مگر حکومت گندم نہیں خرید رہی۔ اس وقت کسانوں کی آنکھوں میں خون اور آنسو ہیں۔