غلط فیصلوں سے قومی خزانے کو ڈیڑھ ارب ڈالر کا نقصان

April 28, 2024

بیورو کریسی کے غلط فیصلوں سے قومی خزانے کو ایک سے ڈیڑھ ارب ڈالر کا نقصان ہوگیا۔

نیشنل فوڈ سیکیورٹی نے وافر گندم ہونے کے باوجود 35 لاکھ ٹن گندم درآمدکی اجازت مانگی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی ( ای سی سی ) نے نیشنل فوڈ سیکیورٹی کو گندم درآمد کرنے کی منظوری دے دی۔

نجی شعبے کو گندم درآمد کرنے کی اجازت دی گئی، وفاقی سیکریٹری نیشنل فوڈ سیکیورٹی نے ہر کسی کو گندم منگوانے کی اجازت دے دی۔

یکم اپریل 2024 تک 43 لاکھ ٹن گندم حکومت کے پاس موجود تھی، مارچ میں سندھ میں گندم کی نئی فصل آنے سے گندم درآمد کی ضرورت نہیں رہی تھی۔

ذرائع وزرات پیداوار کے مطابق پہلے مرحلے میں 20 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی اجازت دی گئی تھی، درآمد کی گئی گندم فروری میں پاکستان پہنچنا تھی تاہم تاخیر کی گئی۔

ذرائع وزارت پیداوار کے مطابق مزید 10 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری لی گئی، مجموعی طور پر 30 لاکھ ٹن گندم درآمد کر لی گئی۔

بلاوجہ وافر مقدارمیں درآمدشدہ گندم حالیہ بحران کی وجہ بنی، کسانوں سے مزید گندم خریدی تو حکومت کا دیوالیہ نکل جائےگا۔