صائم کی فارم، مڈل آرڈر بیٹنگ، فیلڈنگ میں بہتری درکار، بابر

April 29, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ صائم ایوب مشکلات کا شکار ہیں لیکن جلد اپنی فارم حاصل کرلیں گے ۔ ابتدائی چھ اوورز پاور پلے کے دوران تیز رنز کرنے کی ضرورت ہے، کوشش کررہے ہیں،ہمارے لیے مڈل آرڈر فکر مندی کی بات ہے، جبکہ فیلڈنگ میں ابھی محنت کرنی ہے اور بہتری لانی ہے، مختلف کمبینشن آزمائے جائیں، عثمان خان اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کررہا ہے جو حوصلہ افزا بات ہے،نوجوان کرکٹرز کو اعتماد دینا پڑے گا، پاکستان کیلئے کھیلنا ایک دباؤ ہے، اندازہ ہے کہ عثمان نے بہت سی چیزیں چھوڑی ہیں، اس لیے یہ سب ان کے دماغ میں ہوگا۔ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے بعد پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کیلئے اس سیریزمیں بینچ اسٹرینتھ کوآزمایا، اس کے کافی مثبت نتیجہ نکلا ہے۔مختلف کمبینیشن کے ساتھ کھیلے ، سیریز میں انجریز بھی ہوئیں۔ بہتری کا موقع ہمیشہ رہتا ہے، دیکھیں گے کہاں غلطیاں ہوئیں ان پر قابو پائیں گے، ورلڈ کپ قریب ہےکوشش ہوگی کہ غلطیاں نہ ہوں۔ شاہین آفریدی بہترین بولر ہے ، وہ کم بیک کرنا جانتا ہے ۔