خواتین کیساتھ جنسی زیادتیوں اور استحصال میں ملوث 24 افراد کو 346 سال قید کی سزا

April 29, 2024

لندن (پی اے) لیڈز کرائون کورٹ کی جانب سے خواتین اور لڑکیوں کے ساتھ جنسی زیادتیوں اور استحصال میں ملوث ویسٹ یارک شائر پولیس کی جانب سے گرفتار کئے گئے 24افراد کو گزشتہ روز 30سال تک سزائیں سنا دی گئیں۔اس فیصلے کے تحت ملزمان کو مجمو عی طور پر 346سال قید کی سزا بھگتنا پڑے گی۔ ویسٹ یارک شائر پولیس نے ان لوگوں کو نارتھ کرک کے علاقے میں 8لڑکیوں کے ساتھ جنسی زیادتیوں، ریپ اور لڑکیوں کی اسمگلنگ کی تحقیقات کیلئے 1999سے 2012کے دوران آپریشن Tourway کے دوران گرفتار کیا تھا۔ ان میں سے 4افراد کو مقدمے کی سماعت کے بعد 20سال سے زیادہ کی سزائیں دی گئیں۔ کرک لیس پولیس کے تفتیشی چیف انسپکٹر اولیور کوٹس نے اپنے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کی تفصیلات بتانے کیلئے سامنے آنے پر خواتین کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے جرأت کے ساتھ سامنے آنے اور ملزمان کی نشاندہی کی وجہ سے ہمیں ان کے خلاف کارروائی کرنے کا موقع ملا۔ کورٹس نے بتایا کہ گزشتہ 2سال کے دوران جیوریز نے مقدمات کی سماعت کی، جس کے دوران ملزمان کے بہیمانہ جرائم کی ہوشربا تفصیلات سامنے آئیں لیکن مقدمات کی سماعت کی تفصیلات شائع کرنے پر پابندی کی وجہ سے انہیں شائع نہیں کیا جاسکا اور اب یہ پابندی اٹھائے جانے کے بعد تفصیلات سامنے لائی جا رہی ہیں۔ ان میں سے کچھ ملزمان کو متعدد جرائم کے الزام میں 30سال سے زیادہ کی سزائیں دی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایک شخص آصف علی کو ریپ کے14مقدمات اور جنسی زیادتیوں کے ناقابل یقین واقعات اور لڑکیوں کے تجارتی مال کی طرح خریدو فروخت میں ملوث ہونے کے الزام میں سزائیں سنائی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان خواتین نے بے اختیار ہونے کے باوجود ملزمان کا مقابلہ کیا اور حقیقی معنوں میں دلیری اور جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزمان کو ان کے جرائم کی سزا دلوائی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی جانب سے مکمل تفتیش کئے جانے اور اس کے نتیجے میں ملزمان کو سزائیں ہونے پر ان خواتین کو کچھ سکون ملا ہوگا اور ملزمان کو سزا ملنے پر طمانیت کا احساس ہوا ہوگا۔ ان میں خرم بیگ کو 22سال 8ماہ، نصر حسین کو 18سال 3 ماہ، ظفر قیوم کو 30سال 6ماہ، انصار قیوم کو 20سال، محمد جبار قیوم کو 13سال، محمد عمران زادہ کو 15سال، مائیکل برکن شا کو 8سال، عمران مہربال کو 13سال، شوکت یاسین کو 15سال، محمد سلیم ناصر کو 19 سال، عرفان خان کو 12سال، عمر فاروق حسین کو 18سال، سرفراز حسین ریاض کو 15سال، نصر اقبال کو 10سال، محمد چھوٹیا کو17سال، بلا ل پٹیل کو 13سال، آصف علی کو 24 سال، محمد توصیف حنیف کو 9سال 6ماہ، علی شاہ کو 10 سال، محسن نڈات کو7سال 6ماہ، سرفراز میراف کو 4 سال 6ماہ، محمد نظم ناصر کو7سال6ماہ اور عامر علی حسین کو 8سال کی قید کی سزا سنائی گئی جبکہ ایک25ویں شخص کوہسپتال بھیجنے کا حکم دیا گیا۔ فیصلے کی تفصیلات سے ظاہر ہوتا ہے کہ 4ملزمان کو 20سال سے زیادہ کی سزائیں دی گئیں۔