گریٹر مانچسٹر: ویگن کے علاقے میں پراپرٹی سے انسانی باقیات برآمد

April 29, 2024

گریٹر مانچسٹر(ابرار حسین) گریٹر مانچسٹر پولیس نے ویگن کے علاقے میں مارش گرین پر ایک پراپرٹی جمعہ 26اپریل سے دوبارہ کھول دی ہے ۔ اس سلسلے میں مزید تحقیقات ہونا ابھی باقی ہے۔ پولیس کو بدھ 10 اپریل کو اطلاع دی گئی تھی کہ پراپرٹی پر ایک بچے کی باقیات پڑی ہیں، پولیس حالات و واقعات کا جائزہ لینے کیلئے اپنی تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے اس کی وجوہات تلاش کرنے کی کوشش کر رہی ہے کہ یہ واقعہ کب اور کیسے رونما ہوا اور باقیات یہاں کیسے آئیں، پولیس عوام کو یقین دلانا چاہتی ہے کہ پیچیدہ تحقیقات کے دوران فرانزک ماہرین اس پر مزید پوچھ گچھ کر یں گے، پولیس معاملہ کے حوالے سے پانچ افراد کو گرفتار بھی کیا ہے جو اس وقت پولیس کی ضمانت پر ہیں۔ خفیہ ادارے کے چیف انسپکٹر جان ڈیوس نے تفتیش کی قیادت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کیریئر کے دوران میرے لیے یہ ایک پریشان کن واقعہ ہے ، فرانزک ماہرین اور گریٹر مانچسٹر پولیس مارش گرین میں کچھ وقت رہیں گے تاکہ مزید تحقیقات کی جا سکے، انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ علاقے کی عوام تحقیقات میں مدد کرے گی تاکہ پولیس واقعہ کی تہہ تک پہنچ سکے۔