شاہ چارلس بہتری کے بعد اگلے ہفتے عوامی فرائض سنبھال لیں گے

April 29, 2024

لندن (پی اے) بکنگھم پیلس سے بتایا گیا ہے کہ شاہ چارلس کینسر کے علاج میں نمایاں بہتری کے بعد اگلے ہفتے عوامی فرائض سنبھال لیں گے، اگرچہ شاہ پوری طرح اپنی سرگرمیاں شروع نہیں کریں گے لیکن ان کے بارے میں مثبت اشارے دیئے جارہے ہیں۔ شاہ منگل کو ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد کینسر کے علاج کے ایک مرکز کا علامتی دورہ کریں گے اور وہ اپنے موسم گرما کے محل میں بھی جائیں گے جو کہ ان کے سرکاری دورے میں شامل ہوگا، جہاں وہ جاپان کے بادشاہ اور ملکہ کے میزبان ہوں گے۔ محل کے اعلان کے مطابق اگلے ہفتوں کے دوران وہ مزید ذمہ داریاں بھی سنبھال لیں گے۔ شاہ نے زیادہ عوام ایونٹس میں شرکت کا موقع ملنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ تاہم شاہ کا علاج جاری رہے گا اور علاج ختم ہونے کے بارے میں ابھی کسی وقت کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ بکنگھم پیلس نے جمعہ کو جاری کئے گئے ایک بیان میں شاہ کی عوامی ذمہ داریوں پر واپسی کی اطلاع دی۔ پیلس سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر شاہ کے علاج کے مثبت نتائج سے بہت پرامید ہے اور انھیں قوی یقین ہے کہ شاہ کی صحتیابی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ یہ نہیں بتایا گیا کہ شاہ کو کس قسم کا کینسر لاحق ہوا تھا لیکن شاہ کی میڈیکل ٹیم علاج کے اب تک کے مثبت نتائج پر بہت خوش ہے۔ اس مہینے کے شروع میں شاہ اور ملکہ کیملا کی بکنگھم پیلس کے گارڈن میں لی گئی ایک تصویر بھی جاری کی گئی ہے، ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ شاہ اس سال ہونے والے ٹروپنگ دی کلر اور دیگر بڑے ایونٹس میں شرکت کریں گے یا نہیں؟۔ اس حوالے سے فیصلہ ڈاکٹروں کے مشورے پر کیا جائے گا۔ اگلے ہفتے کینسر کے علاج کے مرکز کے دورے میں ملکہ کیملا ان کے ساتھ ہوں گی اور شاہ مریضوں اور عملے سے ملاقات کریں گے اور کینسر ریسرچ کیلئے سپورٹ کا اظہار کریں گے۔ کینسر کے علاج کا یہ مرکز وہ نہیں ہے، جہاں شاہ علاج کرا رہے ہیں، گرچہ شاہ ملک کے سربراہ کی حیثیت سے وزیراعظم سے باقاعدہ ملاقاتوں کے علاوہ اپنے تمام پرائیویٹ کام انجام دے رہے ہیں، کینسر کے علاج کے مرکز کا دورہ اس سال ان کی پہلی سرکاری عوامی مصروفیت ہوگی۔ونڈسر میں ایسٹر کی اتوار کی چرچ سروس میں شرکت کر کے اور لوگوں سے ہاتھ ملا کر وہاں موجود لوگوں کو حیرت زدہ کردیا تھا۔ جون میں شاہ سربراہ مملکت کی حیثیت سے جاپان کے بادشاہ اور ملکہ کا استقبال کریں گے۔ جاپان کے بادشاہ 1998کے بعد پہلی مرتبہ برطانیہ کے دورے پر آرہے ہیں، ایسے مواقع پر عام طورپر شاہی مہمان کو بکنگھم پیلس میں سرکاری طور پر عشائیہ دیا جاتا ہےاور بگھی کی سیر کرائی جاتی ہے لیکن ان کے دورے پر تقریبات کا تعین شاہ کی صحت کومدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔ اس سال شاہی فیملی کو ابتدا ہی سے مشکلات کا سامنا رہا ہے۔ شہزادی ویلز کا بھی کینسر کا علاج ہو رہا ہے۔ پیلس کا خیال ہے کہ شاہ کی تیزی سے صحتیابی کی خبریں اس مشکل وقت اچھا تاثر ڈالیں گی۔ کینسر کی تشخیص کے بعد سے شاہ نے بتایا ہے کہ انھوں نے جلد صحت یابی خواہشات پر مبنی تمام پیغامات کو انھوں نے دیکھا ہے اور بعض دلچسپ کارڈ دیکھ محظوظ بھی ہوئے ہیں۔ بکنگھم پیلس کا کہنا ہے کہ شاہ اور ملکہ جلد صحت یابی کی نیک تمنائوں کا اظہار کرنے والوں کے شکر گزار ہیں۔