انجمن پٹواریان کا اینٹی کرپشن کی جانب سے گرفتار پٹواریوں کی فوری رہائی کا مطالبہ

April 29, 2024

ملتان (سٹاف رپورٹر) انجمن پٹواریان نے اینٹی کرپشن کی جانب سے دو پٹواریوں کی گرفتاری کو بلاجواز اور غیر قانونی قراردیا گیا ہے اور ڈپٹی کمشنر ملتان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر معاملےکا نوٹس لیں اور پٹواریوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں کو بند کروائیں، بصورت دیگر کل منگل سے ضلع بھر کے پٹواری ہڑتال شروع کردیں گے، اس حوالے سے گزشتہ روز انجمن پٹواریاں کا ہنگامی اجلاس اے سی دفتر میں ہوا جس میں اینٹی کرپشن کی جانب سے پٹواریوں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے ان کو فوری رہا کرنے کا مطالبہ کیا گیا، انجمن پٹواریان تحصیل سٹی کے صدر چوہدری الیاس اور جنرل سیکرٹری محمد عاصم شاہ کا کہنا تھا کہ دونوں پٹواریوں کو دو روز قبل اینٹی کرپشن عملے نے حراست میں لیا اور دو دن ان کو حبس بے جا میں رکھ کر تشدد کا نشانہ بنایا، بعد ازاں پٹواریوں کی طرف سے دفاتر کی تالہ بندی پر ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب ان پٹواریوں کی گرفتاری ظاہر کر کے انہیں تھانہ چہلیک کی حوالات میں بند کر دیا گیا، انجمن پٹواریان کے عہدے داروں کا کہنا تھا کہ آج انجمن پٹواریان ڈپٹی کمشنر ملتان رضوان قدیر سے ملاقات کر کے اصل حقائق سے ان کو آگاہ کرے گی۔