خیبرپختونخوا حکومت کا 19 یونیورسٹیوں کے منتخب وائس چانسلرز کا اعلامیہ جاری کرنے سے انکار

April 29, 2024

پشاور( ارشدعزیز ملک )نگراں صوبائی کابینہ کی منظوری اور سیکیورٹی کلیئرنس کے باوجو، پی ٹی آئی کی خیبرپختونخوا حکومت نے 19یونیورسٹیوں کے منتخب وائس چانسلرز کا اعلامیہ جاری کرنے سے انکار کردیا ہے ۔ وائس چانسلر ز کے انتخاب کے باوجود اعلامیہ جار ی نہ کرنے پر حکومت اور وائس چانسلرز کے درمیان تنازعہ شدت اختیار کر گیا ہے۔صوبے میں 24یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کے عہدے خالی پڑے ہیں ۔اکیڈمک سرچ کمیٹی نے امیدواروں کو 23جنوری سے 26جنوری 2024 تک انٹرویو کے لیے بلایا ہے۔ کمیٹی نے ہر نشست کے لیے تین امیدواروں کے پینل کا انتخاب کیاتھا۔ نگراں صوبائی کابینہ نے محکمہ ہائر ایجوکیشن کی جانب سے سرکولیشن سمری کے ذریعے پیش کی گئی سمری کی منظوری دی تھی جبکہ سیکورٹی اداروں نے بھی منتخب امیدواروں کی کلیئرنس دے دی ہے۔سپریم کورٹ ایک کیس میں فیصلہ سناچکی ہے کہ میرٹ میں پہلے نمبر پر موجود امیدوار کو وائس چانسلر تعینات کیا جائے گا ۔ہائیر ایجوکیشن کے صوبائی وزیر مینا خان کا کہنا ہے کہ نگراں حکومت کو اکیڈمک اینڈ سرچ کمیٹی کی تشکیل کا اختیار نہیں تھا اور نہ ہی پھر کمیٹی کو نگراں دور حکومت میں وائس چانسلرز کے انتخاب کا حق حاصل تھا ۔انھوں نے کہاکہ نگراں صوبائی حکومت نے اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے تعیناتیوںکی منظوری دی اس لئے بہت جلد صوبائی کابینہ کے اجلاس میں معاملے پر غورکیا جائے گا کیونکہ وائس چانسلرز کے انتخاب کے عمل میں کافی شکایات موصول ہوئی ہیں۔