غزہ، مزید 66 فلسطینی شہید، جنگ بندی کوششیں تیز، حماس معاہدے سے نیتن یاہو حکومت ختم، اسرائیلی وزراء

April 29, 2024

کراچی (نیوز ڈیسک) غزہ پر اسرائیلی بمباری میں 24گھنٹوں کے دوران مزید 66فلسطینی شہید ہوگئے، جنگ بندی کیلئے کوششیں پھر تیزہوگئیں،اسرائیلی انتہا پسند وزراء نے صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو کو دھمکی دی ہے کہ اگر انہوں نے حماس کیساتھ جنگ بندی معاہدہ کیا تو وہ ا ن کی حکومت کا خاتمہ کردیں گے ، جنگ بندی کرنا ہماری شکست ہوگی ، سعودی وزیرخارجہ فیصل بن فرحان کا کہنا ہے کہ عالمی سیاسی نظام غزہ بحران سے نمٹنے میں ناکام رہا، حماس کا ایک وفد مصر روانہ ہوگیا ہے، میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل "پائیدار" جنگ بندی پر غور کر رہا ہے، اسرائیلی فوج کے چیف آف سٹاف نے "جنگ جاری رکھنے" کے منصوبوں کی منظوری دیدی ہے ، سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سعودی عرب کی میزبانی میں منعقدہ عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کے پہلے دن کے دوران کہا ہے کہ غزہ کی صورتحال ہر اقدام سے تباہ کن ہے، عالمی سیاسی نظام غزہ کے بحران سے نمٹنے میں مکمل طور پر ناکام رہا ، دوسری جانب اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں 15 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیاہے، کمیشن برائے نظر بندی امور اور فلسطینی قیدیوں کی سوسائٹی کے مطابق حراست میں لئے گئے افراد میں ایک لڑکی، دو بچے اور سابق قیدی بھی شامل ہیں، یہ حراستیں تلکرم، قلقیلیہ، جنین،طوباس، سلفیت، جیریکو اور مقبوضہ مشرقی یروشلم میں راتوں رات عمل میں آئیں، 7 اکتوبر سے اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں حراست میں لئے گئے فلسطینیوں کی تعداد 8,495 ہو گئی ہے، اس دوران 16قیدی اسرائیلی جیلوں میں شہید ہوچکے ہیں جن کی میتیں اسرائیلی فوجیوں نے اپنے قبضے میں لے رکھی ہیں، 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 34,454 فلسطینی شہید اور 77,575 زخمی ہوچکے ہیں، وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ غزہ کے لئے امداد میں اضافے کے لئےامریکی ساختہ عارضی بند ر گاہ چند ہفتوں میں فعال ہو جائے گی، وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی نے اے بی سی نیوز پر کہا کہ "اس میں شاید دو سے تین ہفتے لگیں گے کہ ہم واقعی کوئی آپریشن دیکھ سکیں۔