الٹرا ساؤنڈ کی سہولت مریضوں کے گھروں تک پہنچانے کافیصلہ

April 29, 2024

لاہور ( جنرل رپورٹر ) صوبائی وزرا صحت خواجہ عمران نذیر اور خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت انسولین سمیت شوگر کی ادویات کی دستیابی کے حوالہ سے اجلاس ہوا۔جلاس میں شوگر، ہیپاٹائٹس کی ادویات کی دستیابی اور فراہمی کے طریقہ کار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ، اجلاس میں سیکرٹری صحت علی جان خان، ڈاکٹر عدنان، ڈاکٹر زاہد پرویز، ڈاکٹر عثمان، سپیشل سیکرٹری صحت راجہ منصور، سی ای او پی ایچ ایف ایم سی ڈاکٹر عاصم الطاف موجود تھے خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت "صحت کی دستک ان کی دہلیز پر" پروگرام عوام کے لئے بہت جلد شروع کیا جارہا ہے،موبائل ہیلتھ پروگرام کے تحت الٹراساؤنڈ کی سہولت بھی مریضوں کے گھروں تک فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،انسولین، شوگر، ہیپاٹائٹس کی ادویات بھی مریضوں کے گھروں میں پہنچانے کا میکانزم وضع کرلیا گیا ہے ، صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب عوام کو گھروں تک طبی سہولیات پہنچانے کے لئے خصوصی دلچسپی لے رہی ہیں ۔