10اضلاع میں خصوصی انسداد پولیو مہم کا آج سے آغاز

April 29, 2024

لاہور ( جنرل رپورٹر ) پولیو مہم کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، پنجاب کے 10اضلاع میں خصوصی انسداد پولیو مہم کا آج سے آغاز کیا جا رہا ہے۔ مہم میں 67ہزار پولیو ورکر حصہ لیں گے۔ لاہور میں 13ہزار ورکر، جبکہ راولپنڈی میں 6800 سے زائد ورکر مہم کا حصہ ہیں۔ اتوار کو اپنے پیغام میں انسداد پولیو پروگرام سربراہ خضر افضال نے کہا کہ وائرس کو روکنے کے لئے خصوصی مہم انتہائی اہم ہے، پنجاب میں بار بار بیرونی وائرس نمودار ہو رہا ہے لہذا تمام تر محنت پولیو کی مقامی افزائش کو روکنے پر مرکوز ہے۔ انھوں احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام ضلعی افسران مہم کی خود نگرانی کریں۔ خضر افضال نے خصوصی پولیو پوائنٹس کی اہمیت کو اجاگر کیا اور احکامات دیئے کہ داخلی، خارجی راستوں پر پولیو ٹیموں کی سخت مانیٹرنگ کی جائے۔ مہم 10 اضلاع میں منعقد کی جا رہی ہے جس میں لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، راجن پور، ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان، میانوالی، شیخوپورہ، اوکاڑہ، شامل ہیں۔ جبکہ راولپنڈی، شیخوپورہ اور میانوالی شامل میں مہم منتخب یونین کونسلوں منعقد کی جائے گی۔