شہزادہ ہیری کے دورۂ برطانیہ کی تصدیق

April 29, 2024

شہزادہ ہیری ـــ فائل فوٹو

کینسر کے علاج کے دوران شاہ چارلس کے شاہی ذمہ داریوں پر واپسی کے بعد شہزادہ ہیری کے برطانیہ کے دورے کی تصدیق ہوگئی۔

برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، شہزادہ ہیری 8 مئی کو لندن میںسینٹ پال کیتھیڈرل سروس میں انویکٹس گیمز کی 10 ویں سالگرہ کے اعزاز میں منعقد کی گئی تقریب میں شرکت کرنے کے لیے برطانیہ جائیں گے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شہزادہ ہیری کے اس دورۂ برطانیہ کی تصدیق بین الاقوامی ملٹی اسپورٹس ایونٹ انویکٹس گیمز کے ترجمان نے کی ہے تاہم وہ برطانیہ اکیلے جائیں گے یا پھر ان کے ہمراہ اہلیہ میگھن مارکل، بچے آرچی اور لیلیبیٹ ڈیانا بھی ہوں گے اس حوالے سے کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔

یاد رہے کہ شہزادہ ہیری کینسر جیسی جان لیوا بیماری میں مبتلا اپنے والد شاہ چارلس کی عیادت کے لیے رواں سال فروری کے آغاز میں بھی برطانیہ گئے تھے۔

شہزادہ ہیری نے شاہ چارلس کے کینسر میں مبتلا ہونے کے بعد اپنے ایک انٹرویو میں یہ وعدہ کیا تھا کہ میں کوشش کروں گا کہ زیادہ سے زیادہ وقت اپنے خاندان کے ساتھ گزار سکوں۔

تاہم، شہزادہ ہیری اپنے اس دورۂ برطانیہ پر شاہ چارلس سے ملیں گے یا نہیں اس حوالے سے کوئی خبر سامنے نہیں آئی۔