اہلیہ کی ڈیپ فیک ویڈیو کیخلاف ڈکی بھائی اِن ایکشن

April 29, 2024

پاکستانی مشہور یوٹیوبر اور وی لاگر سعد الرحمٰن عرف ڈکی بھائی کی اہلیہ عروب جتوئی ڈیپ فیک ویڈیو کا نشانہ بن گئیں۔

ڈکی بھائی نے جعلی ویڈیو بنانے والے کی معلومات فراہم کرنے والے کے لیے 10 لاکھ روپے کا انعام کا علان کردیا۔

ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر یوٹیوبر نے اہلیہ کے ہمراہ ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے صارفین کو آگاہ کیا کہ انٹرنیٹ پر عروب جتوئی کی جعلی ویڈیو گردش کر رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایک دوسری ویڈیو پر عروب جتوئی کا چہرہ نصب کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے انہیں کافی پریشانی کا سامنا ہے۔

یوٹیوبر کے مطابق گزشتہ کچھ عرصے سے انہیں اس حوالے سے دھمکیاں بھی موصول ہو رہی تھیں، لیکن انہوں نے کبھی اُن دھمکیوں کو سنجیدگی سے نہیں لیا۔

عروب جتوئی کے مطابق ڈیپ فیک ویڈیو کے وائرل ہونے کی وجہ سے انہیں ذہنی اذیت سے گزرنا پڑ رہا ہے اور وہ نہیں چاہتیں کہ کوئی دوسرا بھی اسی اذیت سے گزرے، اس لیے جعلی ویڈیو بنانے والے کو کیفر انجام تک پہنچانا چاہتی ہیں۔

انہوں نے عوام سے بھی درخواست کی ہے کہ جہاں بھی وائرل ویڈیو نظر آئے، وہاں کمنٹس میں یہ بتائیں کہ یہ جعلی ویڈیو ہے اور اس ویڈیو کو رپورٹ بھی کریں۔

اس موقع پر ڈکی بھائی نے صارفین سے مدد طلب کی اور جعلی ویڈیو بنانے والے کی معلومات فراہم کرنے والے کے لیے دس لاکھ روپے کا بھی اعلان کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قانون اپنے ہاتھ میں نہیں لیں گے بلکہ اس شخص کی شناخت کرکے اسے ایف آئی اے کے حوالے کریں گے اور وہ اس معاملے کی تہہ تک ضرور پہنچیں گے۔