پنجاب: ایئر کوالٹی کو بہتر کرنے کے پلان پر عمل درآمد کے دوسرے مرحلے کا آغاز

April 29, 2024

ـــ فائل فوٹو

پنجاب میں ایئر کوالٹی کو بہتر کرنے اور اسموگ کم کرنے کے پلان پر عمل درآمد کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق، زہریلا دھواں پھیلانے والی فیکٹریوں پر ماحولیاتی تحفظ کے ادارے نے چھاپے مارے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ ای پی اے ٹیموں نے لاہور سیالکوٹ موٹروے پر بھی کارروائیاں کی ہیں، ان اقدامات سے ایئرکوالٹی انڈیکس بہتر ہوگا اور اسموگ کی صورت حال میں بھی بہتری آئے گی۔

ذرائع کے مطابق، زیادہ دھواں پیدا کرنے والے علاقوں کی میپنگ بھی شروع کر دی گئی ہے اور دھوئیں کی مقدار جانچنے کے جدید آلات سے بھی مدد لی جائے گی۔

ذرائع نے بتایا کہ قانون سازی کے لیے بھی کام تیز کر دیا گیا ہے جس کے بعد قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سخت سزائیں دی جائیں گی اور بھاری جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے۔

اس حوالے سے سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے عوام سے ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد کرنے اورائیر کوالٹی کو بہتر بنانے کی مہم میں ساتھ دینے کی اپیل کی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ صنعتیں جدید آلات اور طریقے کار اختیار کریں تاکہ سب لوگ بیماریوں سے محفوظ ہوں۔