مردان: 2 ریلوے پولیس اہلکاروں کا قتل، ملزمان کو آج عدالت میں پیش کیا جائیگا

April 29, 2024

مردان میں نوشہرہ روڈ پر واقع ایک شاپنگ مال میں جھگڑے کے دوران جاں بحق ہونے والے2 ریلوے پولیس اہلکاروں کے کیس میں گرفتار ملزمان کو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ گزشتہ رات 12 ملزمان کے خلاف تھانہ سٹی میں درج کیا گیا تھا، گرفتار 8 ملزمان میں سے 3 زخمی اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

پولیس نے کہا کہ ریلوے پولیس کے 2 اہلکار فائرنگ سے جاں بحق اور ایک زخمی ہوا تھا جبکہ شاپنگ مال کے مالک اور عملے کے بھی 3 افراد زخمی ہوئے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ریلوے کی زمین کی لیز ختم ہونے پر شاپنگ مال کو سیل کیا گیا تھا، شاپنگ مال کھولنے پر ریلوے پولیس اور شاپنگ مال کے عملے میں جھگڑا ہوا تھا۔

پولیس نے بتایا ہے کہ شاپنگ مال کے عملے کا کہنا ہے کہ عدالت سے اسٹے آرڈر لے کر شاپنگ مال کھول دیا تھا۔