کیا عاطف اسلم آننت امبانی کی شادی سے قبل منعقد پارٹی میں شریک تھے؟

April 29, 2024

--- فائل فوٹو

ایشیا کے امیر ترین شخص بھارتی بزنس ٹائیکون مکیش امبانی کے چھوٹے بیٹے آننت امبانی کی شادی سے قبل تقریبات کا راؤنڈ 2 جلد شروع ہونے والا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آننت امبانی اور اُن کی منگیتر رادھیکا مرچنٹ کی دوسری پری ویڈنگ تقریبات کا اہتمام 28 مئی سے 30 مئی کے درمیان جنوبی فرانس کے ساحل پر ایک کروز شپ پر ہوگا۔

تاہم آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی دوسری پری ویڈنگ تقریبات کے آغاز سے قبل ایک پرائیوٹ پارٹی کا بھی اہتمام کیا گیا، جو کہ لندن کے اسٹوک پارک کنٹری اسٹیٹ میں منعقد کی گئی۔

دریں اثنا خبریں گردش کر رہی ہیں کہ اس نجی تقریب میں بالی ووڈ کی معروف شخصیات کے علاوہ پاکستانی راک اسٹار عاطف اسلم نے بھی شرکت کی، جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر بھی خوب شیئر کی جا رہی ہیں۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر پاکستانی گلوکار عاطف اسلم نے بھی اپنی اہلیہ سارہ بھروانہ کے ساتھ چند تصاویر شیئر کی ہیں، جنہیں دیکھ کر گمان ہوتا ہے کہ گردشی خبریں درست ہیں۔

عاطف اسلم نے مذکورہ پوسٹ کے کیپشن میں لکھا ہے کہ ’ٹیم اے اے – اے نائٹ ٹو ری ممبر (یہ رات کبھی نہیں بُھلائی جاسکتی)‘

عاطف اسلم نے اپنی پوسٹ کے ہیش ٹیگ میں لندن بھی لکھا جو اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ یہ تصاویر آننت امبانی کی پری ویڈنگ تقریب میں شرکت کے دوران لی گئیں لیکن گلوکار نے اس خبر کو خفیہ رکھا ہوا ہے۔

خیال رہے کہ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مئی میں منعقد ہونے والی دوسری پری ویڈنگ تقریبات میں سلمان خان، شاہ رخ خان، عامر خان، رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ سمیت متعدد فنکاروں کی شرکت متوقع ہے۔

واضح رہے کہ 28 سالہ آننت امبانی رواں سال جولائی میں رادھیکا مرچنٹ سے شادی کریں گے۔