پی ٹی آئی کے کسی سے ڈائیلاگ نہیں ہو رہے: بیرسٹر گوہر

April 29, 2024

چیئرمین تحریکِ انصاف بیرسٹر گوہر—فائل فوٹو

چیئرمین تحریکِ انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے کسی سے کوئی ڈائیلاگ نہیں ہو رہے کیونکہ بانیٔ پی ٹی آئی نے پارٹی کے کسی نمائندے کو کسی سے ڈائیلاگ کا اختیار نہیں دیا ہے۔

اڈیالہ جیل کے باہر شیر افضل مروت کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اگر کسی سے ڈائیلاگ کریں گے تو سب کو بتائیں گے، بانیٔ پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں تفصیلی ملاقات ہوئی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کو آج جیل انتظامیہ نے میڈیا سے بات کرنے سے روکا، ہمارے کافی سارے وکلاء کو آج جیل کے اندر نہیں جانے دیا گیا۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ایک طرف نواز شریف کے سارے کیسز معاف ہوئے، دوسری جانب بانیٔ پی ٹی آئی کو جعلی کیسز میں سزائیں دی گئیں۔

انہوں نے بتایا کہ بانیٔ پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ پولیس کو ہماری پارٹی کے خلاف استعمال کیا گیا، بانیٔ پی ٹی آئی نے کہا کہ مریم نواز کا پولیس یونیفارم پہننا واضح پیغام ہے کہ پولیس ان کے تابع ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی نے کہا کہ اسحاق ڈار نواز شریف کے فرنٹ مین ہیں، اسی لیے انہیں ڈپٹی وزیرِاعظم بنایا گیا۔

ان کا کہنا ہے کہ کسی بھی طرح کے مذاکرات سے متعلق کسی لیڈر کو کوئی ہدایات نہیں دی گئی ہیں، ہمارے بیک ڈور کسی سے کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے، بانیٔ پی ٹی آئی نے کچھ لوگوں کا نام لیا ہے مذاکرات کے لیے لیکن فی الوقت کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے۔

بیرسٹر گوہر کا یہ بھی کہنا ہے کہ چیئرمین پی اے سی پر مشاورت جاری ہے، شیر افضل مروت کا نام بھی فہرست میں شامل ہے، پی اے سی کے چیئرمین کا حتمی نام کل تک فائنل کر لیں گے، پارٹی چھوڑنے والے رہنماؤں کو واپس پارٹی میں لینے کے لیے بانیٔ پی ٹی آئی ہی فیصلہ کریں گے۔