دھرمیندر کا والد کو وقت نہ دینے پر پچھتاوا

April 29, 2024

بالی ووڈ کے اداکار دھرمیندر نے اپنے والد کے ساتھ زیادہ وقت نہ گزارنے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

معروف اداکار دھرمیندر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اکثر پرانی تصاویر شیئر کرتے رہتے ہیں، اپنے آنجہانی والد کیول کرشن اور بیٹے سنی دیول کے ساتھ انہوں نے ایک یادگار تصویر شیئر کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر شیئر کی گئی تصویر کے کیپشن میں دھرمیندر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’کاش ماں باپ کو اور وقت دیا ہوتا۔

اداکار کی جانب سے والد کی تصویر شیئر کیے جانے پر مداحوں کی جانب سے مختلف تبصروں کا سلسلہ جاری ہے، ایک صارف نے پوچھا کہ ’سر ہمیں بتائیں کیسے خوش رکھیں ہم اپنے ماں باپ کو اور وقت دیں ان کو،‘ جس کے جواب میں دھرمیندر نے کہا کہ جس طرح آپ اپنے بچوں کا خیال رکھتے ہیں، اگر آپ کے بچے نہیں ہیں تو ان سے بچوں کی طرح پیار کریں۔

دھرمیندر کے والد کیول کرشن بھارتی پنجاب کے شہر لدھیانہ کے ایک گاؤں میں رہتے تھے اور سرکاری اسکول میں ہیڈ ماسٹر تھے، جنہوں نے ستونت کور سے شادی کی تھی جن سے ان کے دو بچے دھرمیندر اور اجیت دیول ہیں۔