7 اکتوبر جیسی صورتحال کی روک تھام کی اسرائیلی کوششوں کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، امریکا

April 29, 2024

تصویر سوشل میڈیا۔

امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے ریاض میں عالمی اقتصادی فورم کے مباحثے میں شرکت کی۔

اپنے دورہ سعودی عرب کے موقع پر انٹونی بلنکن نے کہا کہ 7 اکتوبر جیسی صورتحال دوبارہ کبھی نہ ہونے کی اسرائیلی کوششوں کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ کراس فائر میں پھنسے غزہ کے لوگوں کے تکلیف کے خاتمے کے لیے بھی کوشاں ہیں۔ غزہ میں شہریوں کا تحفظ اور ان کی مدد بڑھانے پر ہماری توجہ ہے۔

امریکی وزیر خارجہ نے کہا غزہ کے مصائب ختم کرنے کا فوری راستہ جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی ہے۔

انھوں نے کہا کہ حماس کےلیے اسرائیل کی طرف سے غیر معمولی فراخدلانہ تجویز ہے۔ اس وقت غزہ کے لوگوں اور جنگ بندی کے درمیان حماس حائل ہے۔ اب حماس کو فیصلہ جلد کرنا ہے، امید ہے حماس درست فیصلہ کرے گی۔

انٹونی بلنکن نے کہا کہ شہریوں کی حفاظت یقینی بنائے بغیر رفح میں فوجی آپریشن کی حمایت نہیں کریں گے۔

امریکی وزیر خارجہ نے کہا سعودی اسرائیل تعلقات کےلیے ماضی میں سعودی عرب کے ساتھ مل کر بہت کام کیا ہے۔ سعودی عرب کے ساتھ مل کر جو کام کر رہے ہیں وہ تکمیل کے بہت قریب ہے۔

انٹونی بلنکن کے مطابق سعودی اسرائیل تعلقات پر آگے بڑھنے کےلیے غزہ میں سکون اور فلسطینی ریاست کیلئے مستند راستہ ضروری ہے۔