آئی پی ایل لائیو اسٹریمنگ کیس میں طلبی پر تمنا کا سائبر سیل کو جواب

April 29, 2024

فوٹو: فائل

تمنا بھاٹیا نے مہاراشٹرا سائبر سیل کی جانب سے آئی پی ایل کے میچز کی غیر قانونی اسٹریمنگ کے کیس میں طلب کیے جانے پر ردِ عمل دے دیا۔

اداکارہ نے اس معاملے میں کوئی باضابطہ بیان تو جاری نہیں کیا لیکن سائبر سیل سے درخواست کی ہے کہ وہ طلبی کی تاریخ آگے بڑھادیں۔

تمنا نے سائبر ٹیم کو آگاہ کیا کہ وہ اس وقت ممبئی میں نہیں ہیں اور آگے کی تاریخ پر پیش ہوسکتی ہیں۔

تاہم ان کی اس درخواست پر سائبر سیل کی جانب سے آئندہ کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

خیال رہے کہ مہاراشٹرا کے سائبر سیل نے تمنا بھاٹیا کو اپریل 29 کو بطور گواہ پوچھ گچھ کےلیے طلب کیا تھا۔

سائبر سیل نے اس سے قبل سپر اسٹار اداکار سنجے دت کو بھی طلب کیا تھا تاہم انہوں نے بھی طلبی کی تاریخ میں توسیع کی درخواست کردی تھی۔

خیال رہے کہ آئی پی ایل 2023 کے دوران فیئرپلے ایپ پر لائیو اسٹریمنگ کی وجہ سے ویاکام کو کروڑوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا تھا۔

علم میں رہے کہ تمنا بھاٹیا نے مبینہ طور پر فیئرپلے کی جوئے کی ایپ کی پروموشن کی تھی اور اسکے استعمال کی تائید کی تھی۔