لاپتہ ’سوڈھی‘ کے معاملے کی ابتدائی تحقیقات میں نئے انکشافات

April 29, 2024

کولاج فوٹو: سوشل میڈیا

لاپتہ بھارتی اداکار گروچرن سنگھ کی گمشدگی کے کیس کی ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ گروچرن سنگھ جلد شادی کرنے والے تھے اور انہیں مالی مشکلات کا سامنا تھا۔

تحقیقات کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ انہوں نے آخری مرتبہ نئی دہلی میں اے ٹی ایم کے ذریعے اپنے اکاؤنٹ سے 7 ہزار روپے نکالے تھے۔

علاوہ ازیں یہ بھی انکشاف ہوا کہ انکے موبائل فون کی آخری لوکیشن 24 اپریل کی نئی دہلی کے علاقے پالم کی آرہی ہے جبکہ اسکے بعد سے موبائل فون مسلسل بند جارہا ہے۔

خیال رہے کہ مقبول سٹکام ’تارک مہتا کا الٹا چشمہ‘ میں کردار (روشن سنگھ سوڈھی) سے شہرت پانے والے اداکار گروچرن سنگھ گزشتہ ایک ہفتے سے لاپتہ ہیں۔

انکے والد کا کہنا تھا کہ میرا بیٹا 50 سالہ گروچرن سنگھ 22 اپریل کو صبح ساڑھے 8 بجے ممبئی کیلئے گھر سے نکلا تھا، وہ نا تو ممبئی پہنچا اور نا ہی واپس گھر آیا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس سے فون پر بھی رابطہ نہیں ہورہا، ہم اسے تلاش کررہے ہیں لیکن وہ اب تک لاپتہ ہے۔

گروچرن کی گمشدگی کی شکایت نئی دہلی کے پالم ایریا تھانے میں درج کروادی گئی ہے، تاہم ابھی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔