پاکستان کے لیے قرض کی منظوری، آئی ایم ایف کا اعلامیہ جاری

April 30, 2024

فائل فوٹو

پاکستان کی معیشت کے لیے اچھی خبر آگئی، آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے ایک ارب 10 کروڑ ڈالر کی قسط جاری کرنے کی منظوری دے دی۔

آئی ایم ایف کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے قرض پروگرام کے اہداف کے حصول میں سنجیدہ کوششیں کی ہیں۔

آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان میں مہنگائی کی شرح کم ہونا شروع ہوگئی ہے، توقع ہے مہنگائی کے بڑھنے کی شرح جون میں کم ہوکر 20 فیصد ہوجائے گی۔

اعلامیہ کے مطابق پاکستان کے خالص زرمبادلہ ذخائر 4.5 سے بڑھ کر 8 ارب ڈالر ہوگئے ہیں۔

آئی ایم ایف کے اعلامیہ کے مطابق توانائی کے شعبے میں اصلاحات ضروری ہیں، مضبوط اور جامع ترقی کے حصول کے لیے ڈھانچہ جاتی اصلاحات میں تیزی لائی جائے۔

انسداد بدعنوانی کے اداروں کو مضبوط بنانا ہوگا، حکومتی ملکیتی اداروں کے اصلاحات کو آگے بڑھانے سمیت پالیسی فریم ورک کے تحت چلانا ہے۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق پاکستان کو ایک ارب دس کروڑ ڈالر کی رقم اسی ہفتے موصول ہونے کا امکان ہے۔

آئی ایم ایف کے ساتھ نئے قرض پروگرام کے لیے معاشی ٹیم کے مذاکرات آئندہ ماہ ہوں گے، آئی ایم ایف وفد آئندہ ماہ کے وسط میں پاکستان پہنچے گا۔