لبڈیم عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کیلئے کردارادا کر رہی ہے، سہیل بشیر، شمراز بیگم

April 30, 2024

وٹفورڈ (نمائندہ جنگ) وٹفورڈ بارو کونسلز کے انتخابات میں لب ڈیم ، لیبر پارٹی ،ٹوری پارٹی و دیگر پارٹیوں کے امیدوار اپنے اپنے وارڈز میں متحرک ہیں ۔ وٹفورڈ میں لب ڈیم اور لیبر پارٹی کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے ،مجموعی طور پر لب ڈیم کی کونسلز کے انتخابات میں پوزیشن مضبوط ہے، غزہ کی جنگ کونسل کے الیکشن میں اثرانداز ہو رہی ہے۔ مسلم کمیونٹی کے ووٹ زیادہ تر لب ڈیم کو ملنے کی توقع ہے ، یہ الگ بات ہے کہ لیبر پارٹی کو برطانیہ میں واضح اکثریت حاصل ہے جب کہ ٹوری کو غزہ وار پر دوہرے معیار کے باعث عوام میں پہلے والی پوزیشن حاصل نہیں لب ڈیم کے امیدوار سہیل بشیر ایڈووکیٹ نے روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ سمیت بڑی طاقتوں پر زمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ غزہ میں جنگ بندی کے حصول کیلئے ٹھوس اقدامات کریں ، ممبران پارلیمنٹ غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف آواز بلند کریں، یہ انسانی حقوق کے تحفظ کا مسئلہ ہے ، غزہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو فوری ختم کیاجائے، جنگ بندی کو یقینی بنایا جائے۔ سہیل بشیر احمد ایڈووکیٹ سابق کونسلر لیبر پارٹی چھوڑ کر لب ڈیم میں شامل ہوئے ہیں، انہوں نے وٹفورڈ کی کمیونٹی سے اپیل کی کہ وہ اپنے ووٹ لب ڈیم کے امیدواروں کو دے کر اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے بھرپور کردار ادا کریں ۔ لب ڈیم نےہمیشہ عوام کے حقوق کیلئے مثبت کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی عوام کے حقوق کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔ لیگٹ وارڈ سے لب ڈیم کی امیدوار شمراز بیگم نے وٹفورڈ کے بنیادی مسائل کی طرف توجہ دیتے ہوئے کہا کہ لب ڈیم وٹفورڈ ہسپتال کو مزید بہتر بنانے کیلئے فنڈز مہیا کرے گی، جرائم کی روک تھام، منشیات کے بڑھتے رحجان پر قابو پانے کیلئےپولیس اور کونسل بھرپور تعاون کر رہی ہے دیگر مسائل بھی گ کونسل حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ سردار شفیق خان نے الیکشن مہم میں شمراز بیگم کی کامیابی کو یقینی قرار دیا اورکہا کہ ان کی پوزیشن مضبوط ہے ہم امید کرتے ہیں کہ مسلم کمیونٹی کونسل انتخابات میں لب ڈیم کے امیدوار وں کو ووٹ دے کر واضح اکثریت کے ساتھ کامیاب کرے گی۔