ڈاکوؤں کی فائرنگ اور دیگر واقعات میں ڈاکٹر، پولیس اہلکار سمیت 5 افراد زخمی

April 30, 2024

کراچی( اسٹاف رپورٹر )شہر میں ڈاکوؤں کی فائرنگ اور دیگر واقعات میں ڈاکٹر اور پولیس اہلکار سمیت 5افراد زخمی ہو گئے،تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر بلاک 8کامران چورنگی کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 40سالہ ڈاکٹر یامین چوہدری ولد غلام رسول زخمی ہو گیا، پولیس کے مطابق موٹر سائیکل سوار دو ملزمان نے ڈاکٹر سے لوٹ مار کی کوشش کی ،ڈاکٹر بینک سے کیش لے کر جارہا تھا ، زخمی ڈاکٹر کے مطابق ملزمان 8 لاکھ روپیے چھین کر فرار ہو گئے، گارڈن فوارہ چوک کے قریب آپس کے تنازع میں چھری کے وار سے دو افراد 26 سالہ ارشد ولد غلام حسین اور 30 سالہ منیر ولد حاجی وسیع زخمی ہو گئے ،گڈاپ سٹی تھانے کی حدود پولٹری فارم کے قریب اتفاقی طور پر اپنے ہی اسلحے سے گولی چلنے سے سیکورٹی گارڈ 40 سالہ سبحان ولی ولد سکندر زخمی ہو گیا ، کارساز پل کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے پولیس اہلکار 40 سالہ عمر سعید ولد عمر خطاب زخمی ہو گیا ،زخمی اہلکار ایس ایس یو میں تعینات ہے۔