سیمنٹ سیکٹر، ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم پر سرمایہ کاری، ٹیکس کریڈٹ کا مطالبہ

April 30, 2024

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سیمنٹ سیکٹر نے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم پر کی جانے والی سرمایہ کاری کے عوض ٹیکس کریڈٹ کا مطالبہ کردیا،ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے نفاذ کے لیے سیمنٹ انڈسٹری کو اربوں روپے کے آلات خریدنے پر مجبور کیا گیا،آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے ٹریک اینڈ ٹریس کے نفاذ کے پختہ عزم اور غفلت اور اس کے نفاذ میں بدانتظامی کی تحقیقات کا خیرمقدم کیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق ایف بی آر کے ساتھ پہلے روز سے ٹریک اینڈ ٹریس کے نفاذ کے لیے بھرپور تعاون اور متعدد ملاقاتوں اور خط و کتابت کے باوجود یہ نظام سیمنٹ انڈسٹری میں رائج نہ ہوسکا اور مطلوبہ نتائج حاصل کرنے میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ سیمنٹ انڈسٹری کی مکمل معاونت کے باوجود ایف بی آر کی جانب سے سنجیدہ طرز عمل اختیا رنہیں کیا گیا اور ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے نفاذ کے لیے سیمنٹ انڈسٹری کو اربوں روپے کے آلات خریدنے پر مجبور کیا گیا۔