شاہد خاقان عباسی نیب کے ایل این جی ریفرنس میں بری

April 30, 2024

—فائل فوٹو

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نیب کے ایل این جی ریفرنس میں سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی، سابق وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل، عبداللّٰہ خاقان عباسی سمیت تمام ملزمان کو بری کر دیا۔

قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی ریفرنس واپس لے لیا۔

کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی جس کے دوران شاہد خاقان عباسی وکلاء کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔

دورانِ سماعت قومی احتساب بیورو (نیب) نے شاہد خاقان عباسی و دیگر کے خلاف ریفرنس واپس لے لیا اور اس حوالے سے درخواست دائر کر دی۔

ڈپٹی پراسیکیوٹر اظہر مقبول نے عدالت کو بتایا کہ نیب شاہد خاقان عباسی کے خلاف ریفرنس واپس لے رہا ہے۔

عدالت نے نیب کی ریفرنس والپس لینے کی درخواست پر فیصلہ سنا دیا۔

ملزم شیخ عمران کی جانب سے کیس کی جلد سماعت کے لیے درخواست دائر کی گئی تھی۔

اس سے قبل نیب نے شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی ریفرنس سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کی جانب سے ریفرنس ختم کرنے کا فیصلہ میرٹ پر کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ریفرنس ختم کرنے کی درخواست پی ایس او کے سابق سربراہ کی طرف سے کی گئی۔

واضح رہے کہ نیب نے اسی کیس میں 2019ء میں شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کیا تھا۔

نیب نے ریفرنس میں قومی خزانے کو 21 ارب روپے کا نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیا تھا۔