پنجاب حکومت کے گندم سے متعلق فیصلے کی تفصیلات پیش کرنے کا حکم

April 30, 2024

لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب حکومت کے گندم سے متعلق فیصلے کی تفصیلات پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

پنجاب حکومت کی کسانوں سے گندم نہ خریدنے کے خلافایڈووکیٹ فرحت منظور چانڈیو کی درخواست پرجسٹس شاہد کریم نے سماعت کی۔

لاہور ہائی کورٹ نے کہا کہ عدالت حکومت کی پالیسی معاملات میں دخل اندازی نہیں کرے گی، اگلی سماعت پر پنجاب کابینہ گندم سے متعلق فیصلے سے عدالت کو آگاہ کرے۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ حکومت نے 3900 روپے فی من گندم خریداری کے لے پالیسی جاری کی، حکومت نے 22 اپریل سے کسانوں سے گندم خریداری شروع کرنا تھی۔

ایڈووکیٹ فرحت منظور چانڈیو نے درخواست میں کہا ہے کہ حکومت نے اپنی پالیسی کے مطابق کسانوں سے گندم خریداری شروع نہیں کی، بارشوں کی وجہ سے کسان سستے داموں فصل گندم مافیا کو فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔

درخواست میںاستدعا کی گئی ہے کہ عدالت حکومت کو فوری سرکاری ریٹ پر کسانوں سے گندم خریدنے کا حکم دے۔